کراچی: تاجر سے لوٹی گئی رقم ایس ایچ او اور 4 پولیس اہلکاروں سے برآمد

جمعہ 15 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں ایک تاجر سے لوٹی گئی رقم سے آدھی رقم زمان ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او اور 4 پولیس اہلکاروں سے برآمد ہوئی، پولیس نے ساتھیوں سمیت ایس ایچ او کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق کراچی میں سپر ہائی وے پر تاجر کے اغوا اور ڈکیتی میں ملوث سابق ایس ایچ او زمان ٹاؤن راؤ رفیق سمیت 5 افراد کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتارافراد میں 1 سب انسپکٹر، 2 سپاہی اور متاثرہ تاجر کا گن مین رضوان شامل  ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے تاجر سے لوٹی گئی رقم 1کروڑ 18 لاکھ روپے کی آدھی رقم برآمد ہوئی ہے، تاجر کے گرفتار گن مین رضوان اس ڈکیتی میں ملوث ملزم ظفر کے دوست ہیں، رضوان نے پیسوں سے متعلق ظفر کو بتایا اور ظفر نے ایس ایچ او زمان ٹاؤن کو آگاہ کیا، جس کے بعد واردات کی منصوبہ بندی کی گئی۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش تاجر نے بتایا کہ جب پولیس اہلکاروں نے اسے اغوا کرکے ہاتھ پیر باندھ کر گاڑی میں بٹھایا تو اس کا مسلح گن مین رضوان بھی ان کے ساتھ تھا۔

ملزم رضوان نے دوران تفتیش بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے نہ تو اس سے اسلحہ چھینا اور نہ ہی اس کے ساتھ تاجر جیسا سلوک کیا جس پر پولیس کو رضوان پر شک ہوا۔

پولیس کی جانب سے رضوان کو حراست میں لے کر پوچھ پرتیت کی گئی تو اس نے ساری حقیققت سے پردہ اٹھا دیا، جس کے بعد اعلیٰ افسران کی ہدایت پر زمان ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او سمیت چاروں پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp