محکمہ انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے انتہائی مطلوب اہم کمانڈر زبیر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک کردیے ہیں اوران کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لکی مروت میں شاہ حسن خیل اور عبدالخیل کے قریب دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں کالعدم دہشت گرد تنظیم کے سرگرم دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پر سی ٹی ڈی، سیکیورٹی فورسزاورحساس ادارے نے مشترکہ ٹارگٹیڈ آپریشن کیا۔
مزید پڑھیں
دوران آپریشن دہشتگردوں نےقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ان دہشت گردوں کی شناخت مقامی کمانڈر محمد زبیر ولد عبدالباری، فیصل عرف عمرساکن عبدالخیل اورجواد ولد ریاض سکنہ ناروخیل حال لکی مچن خیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونیوالے تینوں دہشت گرد پولیس کو سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور پولیس اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، ہلاک دہشتگردوں سے خود کارہتھیاراورایمونیشن برآمد کیا گیا ہے، تینوں دہشتگردوں کاتعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی فورس اور سیکیورٹی فورسز کا ہلاک دہشت گردوں کے دیگر فرار ہونے ساتھیوں نصیرعرف حمزہ ولد خانہ گل سکنہ عبدالخیل، امداد کٹہ خیل اور ارشد نوازعرف مازدیگرئی ولد سردار نواز سمیت دو نامعلوم دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن جاری ہے۔