وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری وفاق اور ہماری حکومت کو مضبوط کریں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہم نے میثاق جمہوریت پر دستخط کیے ہوئے ہیں، ماضی میں جب ہماری حکومت کے خلاف سازش ہوئی تو پیپلزپارٹی نے ہمارا ساتھ دیا۔
مزید پڑھیں
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ اچھا ہوتا پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں بھی ہمارے ساتھ ہوتی مگر ان کا اس حوالے سے اپنا ایک فیصلہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت ملک کو درست سمت پر گامزن کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہم ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں تاکہ اربوں روپے کمانے والوں سے ٹیکس وصول کیا جا سکے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ وفاقی کابینہ نئے، پرانے سیاستدانوں اور ٹیکنوکریٹس کا حسین امتزاج ہے، محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ بنانے کے فیصلے میں اسحاق ڈار کی مشاورت شامل تھی۔
ایف بی آر کی تنظیم نو ہماری ترجیح ہے
انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کی تنظیم نو ہماری ترجیح ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ملک میں کیا چیز آ رہی ہے اور اس پر کتنا ٹیکس بنتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری تیزی سے چل ری ہے جسے مکمل کیا جائے گا، کوشش ہے کہ ایئر لائن کی نجکاری کا ٹینڈر مئی میں مکمل کر لیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اسد قیصر وضع دار سیاستدان ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ سسٹم کو آگے چلانے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔
پی ٹی آئی نے سازشیں کیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی نے سازشیں کیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے، بیرون ملک میں ہونے والے مظاہرے میں فوج مخالف نعرے نہیں لگنے چاہیے تھے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی سیکیورٹی وجوہات پر لگائی گئی، عام حالات میں عمران خان کی جتنی ملاقاتیں ہوتی ہیں اتنی کسی اور قیدی کی نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہاکہ تیرا میرا صحافی والا رویہ بہت افسوسناک ہے، ہم آزادی اظہار رائے کے حامی ہیں۔ ایکس کی بندش کے معاملے کو بھی دیکھ رہے ہیں۔