وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے قلعہ سیف اللہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طالب علم اکرام اللہ سے ملاقات کی، وزیراعظم نے اکرام اللہ کا وزیراعظم ہاؤس میں استقبال کیا، اکرام اللہ نے وزیر اعظم کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا جبکہ شہباز شریف نے اکرام اللہ کو ٹیبلٹ تحفے میں دیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے پیش نظر میرے قلعہ سیف اللہ کے دورے میں اکرام اللہ مجھے ایک امدادی خیمے میں ملا تھا، اکرام اللہ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا۔
’اکرام اللہ نے حصول تعلیم کے مواقع کی عدم موجودگی پر غم و غصے کا اظہار کیا تھا، اکرام اللہ نے تب اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی تھی‘۔
مزید پڑھیں
وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم ہی ہمارے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، مجھے آج یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہے کہ اکرام اللہ ایک پر اعتماد، پر جوش، فرمانبردار اور سلجھا ہوا طالب علم بن چکا ہے۔
شہباز شریف نے اکرام اللہ کو قلم اور نصابی سرگرمیوں میں مدد کے لیے اپنی ذاتی حیثیت میں ٹیبلیٹ کا تحفہ دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلیم کے حصول میں اکرام اللہ کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
ملاقات میں اکرام اللہ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم کے اس اقدام کو اسکی زندگی بدلنے کا وسیلہ قرار دیا۔
اکرام اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو کتب کا تحفہ پیش کیا جبکہ وزیراعظم نے اکرام اللہ کو وزیراعظم ہاؤس سے خود الوداع کہہ کر رخصت کیا۔
واضح رہے اکرام اللہ لارنس کالج مری میں نویں جماعت کا طالب علم ہے، ملاقات میں لارنس کالج کے پرنسپل اور ہاؤس ماسٹر بھی موجود تھے۔