وی ایکسکلوسیو: نوازشریف کے واپس لندن جانے کی خبروں میں صداقت نہیں، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

پیر 18 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے واپس لندن جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں۔

وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کی لندن روانگی کی خبر فیک نیوز ہے، میں افواہوں پر یقین نہیں رکھتا۔ فیک نیوز کے حوالے سے ہم خود آپس میں طے کرلیں تو بہتر ہوگا، ’اچھا یہی ہوگا کہ ریاست کو یہ کام نہ کرنا پڑے ‘۔

محمد اورنگزیب کی شہریت بحال کرنے کے لیے قانون پر عمل کیا گیا

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ نوتعینات وفاقی وزیر خزانہ اورنگرزیب رمدے کی پاکستانی شہریت بحال کرنے کے حوالے سے قانون پر عمل کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگرزیب کا تعلق پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے، ان کے بھائی رضا فاروق رمدے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ محمد اورنگزیب حبیب بینک کے صدر تھے، وہ معیشت کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزارت خزانہ کے حوالے سے فیصلہ اسحاق ڈار کی مشاورت سے ہوا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ محمد اورنگزیب اچھی چوائس ہیں۔ جبکہ اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ بھی درست ہے کیونکہ وہ بین الاقوامی معاملات کا تجربہ رکھتے ہیں۔

’ہمیں ایکس بند ہی ملا ‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو بندش کا سامنا تھا۔ ایکس کو بند کرنے کے حوالے سے کوئی آفیشل نوٹیفکیشن نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک چارٹر ہونا چاہیے کہ ریڈلائن کراس نہ ہو۔ تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان یہ چارٹر ہو جائے تو اچھی بات ہے۔

مریم اکرام کو ایم این اے بنانے کے بعد استعفیٰ لینے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عطااللہ تارڑ نے کہاکہ یہ پارٹی کی مرضی ہے وہ کسی کو لسٹ میں ڈالے یا نکال دے۔ پارٹی کے اندر ہر طرح کے لوگ اپلائی کرتے ہیں اور مریم اکرام نے بھی ایسا ہی کیا۔

سرکاری اداروں کی نجکاری ہوگی

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ نقصان میں چلنے والے اداروں کی نجکاری پر سب کو آن بورڈ لیں گے، پی آئی اے کے علاوہ ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ اور کچھ پورٹ کے معاملات شامل ہیں۔

سنی اتحاد کونسل سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل سے بات ہو سکتی ہے اور ہونی بھی چاہیے،علی امین گنڈا پور کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایک مفاہمت کا ماحول بنا ہے۔ سنی اتحاد کونسل نے وزیراعظم، صدر مملکت، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات میں حصہ لیا ہے، جس سے امید کی جا سکتی ہے کہ معاملات آگے بڑھیں گے۔

محسن نقوی کا وفاقی کابینہ میں ہونا اچھا شگون ہے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ محسن نقوی ایک محب وطن پاکستانی ہیں، ان کا وفاقی کابینہ میں ہونا اچھا شگون ہے، 19 رکنی کابینہ میں جہاں 17 بڑی شخصیات کو وزارتیں دی گئی ہیں وہیں 2 ٹیکنوکریٹس کو بھی ساتھ رکھنا درست فیصلہ ہے۔ محسن نقوی بطور وزیر داخلہ اپنے فرائض بہتر طریقے سے سرانجام دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل کا یہ اعتراض کہ سانحہ 9 مئی کے وقت محسن نقوی وزیر داخلہ تھے یہ کسی طور پر قابل غور نہیں۔ کیا محکمے اُس وقت ہونے والے واقعات کی ایف آئی آرز درج نہ کرتے؟

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان جیل، اڈیالہ جیل، میانوالی جیل کا سیکیورٹی آڈٹ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان کو جیل کے اندر پورا ایک سسٹم میسر ہے، بانی پی ٹی آئی کو واک کرنے کے لیے ایک لابی ملی ہوئی ہے، ورزش کرنے والی سائیکل ان کے پاس ہے، کھانے کے مینیو کا وہ خود فیصلہ کرتے ہیں جبکہ ہفتے میں 4 ملاقاتیں ہوتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp