دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

پیر 18 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 صدر پاکستان آصف علی زرداری سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی مشن کے قائم مقام ترجمان تھامس منٹگمری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری سے پیر کو امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ان امور میں معاشی اصلاحات، انسانی حقوق اورعلاقائی سلامتی کے لیے امریکی حمایت شامل ہے۔

بیان کے مطابق امریکی سفیر نے دونوں ممالک امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات کی اہمیت اور اعلیٰ سطح پر مذاکرات اور گرین الائنس فریم ورک سمیت تعلقات کے فروغ کے لیے دیگر مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے متعدد مواقع پربھی تبادلہ خیال کیا۔

بیان  کے مطابق امریکی سفیر نے وزیرستان میں حالیہ دہشت گرد حملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر صدر مملکت سے تعزیت کا اظہار بھی کیا اور صدر کو یقین دلایا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی سفیر اس سے قبل مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں امریکی سفیر نے پاکستان  کی سیاسی قیادت کو امریکا کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp