امریکی شہری اپنا ضبط شدہ پالتو مگرمچھ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں

پیر 18 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پالتو جانور خواہ کتنا ہی خطرناک کیوں نہ ہو وہ اپنے مالک کو بیحد عزیزہوتا ہے اور اپنے بچوں کی طرح چاہنے والا مالک اسے کسی قیمت پر بھی کھونا نہیں چاہتا۔ ایسا ہی کچھ ایک امریکی شہری کے ساتھ بھی ہوا جس کے ایک خطرناک مگرمچھ کو حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیے جانے پر ضبط کرلیا۔

نیویارک کے رہائشی ٹونی کیوالارو نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے ضبط کیے گئے اپنے 11 فٹ لمبے اور 750 پاؤنڈ وزنی پالتو مگرمچھ کی تحویل دوبارہ حاصل کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔

رواں ہفتے نیو یارک کے کنزرویشن حکام نے ٹونی کے گھر سے ہٹاتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے اپنے مگرمچھ

’البرٹ‘غیر قانونی طور پر اپنے گھر کے بیک یارڈ میں رکھا تھا۔.

مگرمچھ کی عمر تقریباً 30 سال ہے اور وہ دونوں آنکھوں سے اندھا ہے جبکہ اسے ریڑھ کی ہڈی میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔

حکام کے مطابق ٹونی نے لوگوں کو اس پانی میں بھی جانئے کی اجازت دی ہوئی تھی جہاں مگرمچھ کو رکھا گیا تھا جو کہ ایک خطرناک امر ہے۔ علاوہ ازیں ٹونی کے پاس مگرمچھ رکھنے کے اجازت نامے کی معیاد بھی سنہ 2021 میں ختم ہوچکی تھی۔

ایجنسی نے کہا کہ اجازت نامے کی تجدید نہ کروانا، لوگوں کو مگرمچھ تک رسائی دینا اور مگرمچھ کی صحت کا خیال نہ رکھنا وہ وجوہات تھیں جن کی وجہ سے البرٹ کو ضبط کرلیا گیا۔

محکمے نے بتایا کہ البرٹ کو ایک لائسنس یافتہ نگراں کے حوالے کر دیا گیا ہے جو اس کی اس وقت تک دیکھ بھال کرے گا جب تک کہ اسے کسی مناسب جگہ منتقل نہیں کردیا جاتا۔ حکام نے بتایا کہ جانور کا خیال نہ رکھنے کے سبب ٹونی پر مقدمہ بھی دائر ہوسکتا ہے۔

ٹونی نے البرٹ کو دوبارہ حاصل کرنے کی ایک درخواست میں کہا ہے کہ جب افسران البرٹ کو ایک ٹرک میں لے جا رہے تھے تو انہوں نے اس کے ساتھ ایسا برتاؤ کیا جیسے وہ کوئی دہشت گرد ہو۔

اس نے دعویٰ کیا کہ وہ 30 سال سے زیادہ عرصے سے البرٹ کا مالک ہے اور عام طور پر اس کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے مہینوں پہلے مگرمچھ کے لیے اجازت نامے کی تجدید کروالیا کرتا تھا لیکن نظرثانی شدہ ضوابط اور ڈی ای سی کی جانب سے اس کی فون کالز کا جواب نہ دیے جانے کی وجہ سے اجازت نامے کی میعاد گزر گئی تھی۔

نیویارک کے قانون کے مطابق مگرمچھ جیسے خطرناک جانور کو رکھنا اس وقت تک ممنوع ہے جب تک کہ مالک کے پاس ڈی ای کا اجازت نامہ نہ ہو۔

ریاستی عہدیداروں نے کہا کہ ٹونی نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے شرائط پوری نہیں کیں کہ مگرمچھ لوگوں کے ساتھ رابطے میں نہ آئے یا کسی کے لیے کوئی خطرہ نہ بنے۔

ٹونی کے مطابق نظرثانی شدہ ضوابط کے مطابق اسے مگرمچھ کے لیے انشورنس کوریج لینی ہوگی اور دوسرے لوگوں کے سامنے لاتے وقت اسے البرٹ کے منہ پر ٹیپ لگانی ہوگی۔ اس نے مزید بتایا کہ قوائد کے مطابق اسے مگرمچھ کے چاروں طرف ایک باڑ بنانا بھی لازمی ہے۔ اس کا ارادہ ہے کہ وہ ان تمام شرائط کی تکمیل کرکے اپنے پالتو مگرمچھ کو دوبارہ حاصل کرلے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp