سابق وزیراعظم نواز شریف ایک بار پھر پاکستان سے روانہ ہورہے ہیں؟

منگل 19 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیرون ملک جانے کی خبریں ان دنوں دوبارہ سے گردش کر رہی ہیں اور دعوے کیے جا رہے ہیں کہ وہ جلد ہی لندن واپس چلے جائیں گئے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ایک ٹی وی پروگرام میں کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں سعودی عرب جانا چاہتے ہیں، وہ ہر سال رمضان المبارک کے آخری 10 دن مدینہ منورہ میں گزراتے ہیں۔

مزید پڑھیں

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ نواز شریف سعودی عرب  سے کچھ دنوں کے لیے چیک اپ کی غرض سے لندن چلے جائیں مگر یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ اب دوبارہ لندن میں مقیم ہو جائیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، اگر وہ گئے تو صرف علاج کی غرض سے جائیں گے اور پھر پاکستان واپس آ جائیں گے۔

’یہ افواہیں ہیں‘

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف پاکستان میں ہی رہنا چاہتے ہیں، یہ افواہیں ہیں کہ وہ مستقل طور پر واپس لندن چلے جائیں گے، ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، اگر وہ لندن گئے تو چند دن کے لیے جائیں گے، مسلم لیگ ن اور حکومت ان کی مشاورت کے بغیر نہیں چل سکتی، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام کو ریلیف ملے اور وہ اس کے کے لیے ہی کوشاں ہیں۔

نواز شریف کے ہمراہ کون کون سعودی عرب اور لندن جائے گا؟

لیگی ذرائع کے مطابق، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں نواز شریف سعودی عرب روانہ ہوں گے تو ان کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز کے علاوہ بیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ ہوں گے جہاں یہ خاندان عمرہ کی سعادت حاصل کرے گا۔ علاوہ ازیں، وفاقی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار بھی نواز شریف کے ساتھ رمضان المبارک کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزاریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف کو ڈاکٹرز سے ٹائم مل گیا تو ہو سکتا ہے کہ عید کے بعد وہ اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ لندن روانہ ہو جائیں اور چیک اپ کے بعد واپس پاکستان آجائیں۔ لیگی ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف کی سعودی عرب روانگی میں تاخیر سینٹ الیکشن اور حسن نواز کے سسر کی بیماری کی وجہ سے ہو رہی ہے، اگر وہ آخری عشرے میں سعودی عرب نہ جانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے پیچھے یہ ہی 2 وجوہات ہوں گی۔

واضح رہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر 2023ء کو لندن سے پاکستان واپس آئے، ان کا لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں والہانہ استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں، نواز شریف انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے۔ 8 فروری کو عام انتخابات کے بعد ان کی جماعت وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی مگر نواز شریف جو سادہ اکثریت چاہتے تھے، وہ انہیں نہ مل سکی۔ اتحادی حکومت کو بنتا دیکھ کر نواز شریف نے خود کو وزیراعظم کی دوڑ سے باہر کرلیا اور اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو وزیراعظم کے لیے نامزد کیا۔ نواز شریف اب اپنی بیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبائی امور میں معاونت کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp