متنازع بیانات پر عمران خان کا اظہار ناراضی، خصوصی پیغام میں کیا کہا؟

منگل 19 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے گزشتہ ہفتے میڈیا میں پارٹی پالیسی سے متعلق متنازع بیانات دینے پر سابق وزیراعظم عمران خان نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو متنازع بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے شیر افضل مروت کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق پارٹی اتحاد کے حوالے سے بیان دینے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پیغام بھیجا ہے کہ ایسے بیانات سے اجتناب کیا جائے جس سے پارٹی کے اندر اختلافات کا تاثر ملے۔

دوسری جانب پیر کو اسلام آباد میں ہونے والی کور کمیٹی اجلاس کے دوران کور کمیٹی کے اراکین نے بھی شیر افضل مروت اور وکیل رہنما علی ظفر کی جانب سے متنازع بیان دینے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم شیر افضل مروت کی جانب سے وضاحت دیے جانے اور آئندہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد معاملہ درگزر کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے سامنے اس حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان کا پیغام بھی رکھا گیا اور پارٹی پالیسی سے متعلق اختلاف کی صورت میں تحفظات کور کمیٹی کے سامنے رکھنے پر زور دیا ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ تمام فیصلوں کی توثیق کور کمیٹی سے لینے کی منظوری دی گئی ہے۔

دوسری جانب کور کمیٹی نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق احتجاج کی حکمت عملی طے کرتے ہوئے عید کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں احتجاج کو حتمی شکل دیدی ہے، احتجاجی سلسلہ میں پہلا جلسہ 30 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس کے بعد خیبر پختونخوا اور پنجاب بھر میں جلسوں کا شیڈول طے کیا جائے گا، اس ضمن میں تمام ٹکٹ ہولڈرز کو احتجاج کی بھر پور تیاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

کور کمیٹی نے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اپیلوں پر سماعت کے موقع پر تمام اراکین پارلیمنٹ اور رہنما عدالت میں موجود ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp