اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سابق اور موجودہ رہنماؤں کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے موقع پر دارالحکومت کے تھانہ بارہ کہو میں درج توڑ پھوڑ کے 2 مزید مقدمات میں بری کردیا ہے۔
مزید پڑھیں
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان سمیت شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، سیف اللہ نیازی، عامرکیانی، علی نواز اعوان، راجاخرم، فیصل جاوید، شیخ رشید، اور شیریں مزاری کو بھی مذکورہ 2 مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ تمام ملزمان پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، اگر پبلک کو بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں نے اکسایا ہے تو استغاثے کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہوگا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے مطابق عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کروایاگیا، یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف کیس چلانے کے لیے ریکارڈ ناکافی ہے، استغاثہ کی جانب سے جمع کیاگیا ریکارڈ ملزمان پر جرم ثابت کرنے کے لیے مضبوط نہیں۔
عدالت نے استغاثہ کی جانب سے پیش کردہ موقف کو مسترد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر ملزمان کو تھانہ بارہ کہو میں درج دو مقدمات میں بری کرنے کا حکم دیدیا۔