گوادر میں سیکیورٹی کمپلیکس پر حملہ آور  بی ایل اے کے تمام 8 دہشتگرد ہلاک

بدھ 20 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے گوادر میں جی پی اے کمپلیکس میں داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کمپلیکس پر حملہ آور بی ایل اے کے تمام 8 دہشت گرد ہلاک کردیے ہیں۔

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں فائرنگ اور دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناصرف دہشت گردوں کی کمپلیکس میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی بلکہ حملہ آور تمام 8 دہشت گردوں کا ہلاک کر دیا ہے۔

حملے کا اعتراف

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ بلوچ شدت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے کیا گیا تھا، سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

کمشنر مکران

قبل ازیں کمشنر مکران سعیدعمرانی نے ایک بیان میں آگاہ کیا تھا کہ جی پی اے کمپلیکس پر مختلف اطراف سے حملہ ہوا ہے، سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

دوسری جانب عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ سے قبل ایک دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے بعد دھواں اٹھتا ہوا بھی دیکھا گیا تھا، جس کے بعد جوابی فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ کئی منٹس تک جاری رہا۔

پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے، گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر نامعلوم افراد کی جانب سے ہونیوالی فائرنگ کے باعث نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں ملازمین کی خاندان رہائش پذیر ہیں جبکہ دیگر سرکاری اداروں کے دفاتر بھی واقع ہیں، جہاں سکیورٹی فورسزکا آپریشن جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکسجانیوالے راستے کو بند کردیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp