اسلام آباد میں شہریوں سے سرعام رشوت لینے والے 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
شہری نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں واضح طور پر اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو شہری سے رشوت لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے ایک گاڑی روکی ہوئی ہے، جس پر شہری پولیس اہلکار کو پیسے دے رہا ہے اور ان سے کہہ رہا ہے کہ افطاری کرلینا آپ۔
پولیس اہلکار جواب میں شہری کو کہہ رہا ہے کہ ’واللہ عالم، یہ دن میں پہلی گاڑی آپ کی چھوڑ رہا ہوں ورنہ میں نے 3 گاڑیاں بند کی ہیں۔ یہ چوتھی گاڑی آپ کی چھوڑ رہا ہوں۔‘
اسلام آباد پولیس سرعام رشوت لے رہی ہے وڈیو وائرل اب دیکھتے ہیں کتنا ایکشن ہوتا ہے @ICT_Police pic.twitter.com/zOKBNAnc3s
— jookeerrr🇵🇰 (@jokkeerrr2) March 20, 2024
نوید ستی نامی ایکس صارف نے مذکورہ واقعے کو بیان کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد پولیس کے شیر جوانوں کا ماہ رمضان میں بھی شہریوں سے رشوت لینے کا بازار گرم ہے، اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون ناکے پر پولیس اہلکاروں کی شہری سے رشوت لینے کی وڈیو موصول ہوئی ہے، ناکے پر موجود اہلکاروں نے گاڑی روکی اور اصل کاغذات پاس نہ ہونے پر شہری سے 20 ہزار رشوت کا تقاضا کیا۔
اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے شہری کو دھمکی دی کہ رشوت نہ دینے کی صورت میں آپ کی گاڑی تھانے میں بند کردی جائے گی، پولیس اہلکاروں نے گاڑی میں سوار شہریوں سے اصل شناختی کارڈ لے لیے جو رشوت دینے پر انہیں واپس کیے گئے۔
اس خبر پر ایکشن پولیس اہلکار معطل –
اسلام آباد پولیس کے شیر جوانوں کا ماہ رمضان میں بھی شہریوں سے رشوت لینے کا بازار گرماسلام آباد کے سیکٹر جی الیون ناکے پر پولیس اہلکاروں کی شہری سے رشوت لینے کی وڈیو موصول
ناکے پر موجود اہلکاروں نے گاڑی روکی اصل کاغذات پاس نہ ہونے پر 20… pic.twitter.com/PmZcedc3C1
— Naveed Satti (@Naveedsatti555) March 20, 2024
شہری سے پولیس اہلکار 10 ہزار روپے دھڑلے سے بطور رشوت بٹورے گئے اور10 ہزار رشوت دینے پر اصل کاغذات نہ ہونے کے باوجود شہری کی گاڑی چھوڑ دی گئی۔
پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہری سے رشوت لینے کی یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 3 پولیس اہلکاروں ریاض جلال، محمد نواز اور ظہیر احمد کو معطل کردیا۔
یار رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اسلام آباد پولیس کے متعدد اہلکار شہریوں سے رشوت لینے کے الزام پر گرفتار بھی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
رواں سال جنوری میں اسلام آباد پولیس کے افسر پر شہری سے 25 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور اینٹی کرپشن نے پولیس افسر کے خلاف مقدمہ درج کرکے اُسے گرفتار کرلیا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق انسپکٹر نے ساتھی کے ساتھ مل کر شہری سے 25 لاکھ روپے رشوت وصول کی تھی، شہری کی درخواست پر پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی تھی جو تاحال جاری ہے۔
گزشتہ برس دسمبر میں اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے ایزی پیسہ کے ذریعے رشوت لینے کا واقعہ منظر عام پر آیا تھے۔
اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں شہری کی درخواست پر رشوت لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، اہلکاروں نے شہری سے 2 ہزار روپے کیش اور 500 روپے آن لائن وصول کئے تھے۔
پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہری سے سرعام رشوت لینے کی ویڈیو سامنے آنے پر اپنے ردعمل میں آئی جی پولیس اسلام آباد اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور تجاوز کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ شہری کسی بھی پولیس اہلکار کے خلاف شکایات آئی سی سی پی او شکایت ڈیسک 1715 پر درج کروائیں۔