لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے اطراف پولیس کی تعیناتی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے استدعا کی ہے کہ لاہور میں الیکشن شیڈول ملتوی کیا جائے کیونکہ صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو مطلوبہ سیکیورٹی مہیا نہیں کی جا رہی۔
الیکشن کمیشن ذرائع نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ ابھی تک اسلام آباد میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔
لاہور کی حد تک الیکشن شیڈول معطل کیا جائے
خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور کی حد تک الیکشن شیڈول معطل کیا جائے۔ یاد رہےکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پنجاب بھر میں 30 اپریل کو صوبائی اسمبلی کے لیے عام انتخابات ہونا ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر کے خدشات پر الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹس لیے جانے کا امکان ہے تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
پنجاب کے صوبائی الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ہےکہ صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو مطلوبہ سیکیورٹی فراہم نہیں کی جا رہی ہے اور کئی امیدوار کاغذات نامزدگی بھی جمع نہیں کروا پا رہے ہیں۔
امیدواران اور حامیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت رش زیادہ ہے اور زیادہ رش کی وجہ سے ان افسران کے دفاتر میں امیدواران اور حامیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں اور صورتحال کشیدہ ہے۔
زمان پارک میں محاصرے کے دوران کیا ہوتا رہا؟ جانیے وی نیوز کے رپورٹر کی زبانی
دوسری طرف لاہور میں ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران امن و امان کی صورتحال شدید متاثر ہو رہی ہے۔
انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے
بیان کے مطابق ’پنجاب حکومت نے اگر سیکیورٹی کے اطمینان بخش انتظامات نہ کیے تو الیکشن کمیشن کو خط لکھا جائے گا۔کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا کہ ان حالات میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی طرف سے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے کیونکہ مخصوص نشستوں اور جنرل نشستوں کے لیے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے.۔
سیکیورٹی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے
‘حکومت پنجاب نے افسران کے دفاتر میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی بار بار یقینی دہانی کرائی تھی. صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ریٹرننگ افسران کو سیکیورٹی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے’
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 37حلقوں میں ضمنی الیکشن ملتوی کردیے
بیان کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے سیکیورٹی کے غیر مناسب انتظامات پرشدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سیکیورٹی عملے کی کم تعداد کے باعث کاغذات نامزدگی وصولی کے دوران ناخوشگوار واقعات پیش آ رہے ہیں اور نا خوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے اطمینان بخش انتظامات نہیں کیے گئے.