پاکستان میں تعینات بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلا روس کو معاشی سطح پرتعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چیمبر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آندرے میٹیلیسا نے کہا کہ موجودہ دو طرفہ تجارت کا حجم 60 ملین ڈالر ہے جو دونوں ممالک کی صلاحیتوں سے کہیں کم ہے۔
سفیر ے بتایا کہ بیلاروس پاکستان کو بھاری مشینری کے ساتھ ساتھ کھاد، زرعی آلات، کیمیکلزاور دیگر اشیا برآمد کر رہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل، چاول، کھٹی، چمڑے کے ملبوسات، جوتے اور طبی آلات درآمد کر رہا ہے۔بیلا روس پاکستان کی زراعت کی ترقی میں بہت تعاون کر سکتا ہے اور اس حوالے سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر ہا ئوسزمختلف ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کا سفارتخانہ چیمبر کے ساتھ مل کر بیلاروسی اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بیلاروس مشرقی یورپ کا ایک اہم ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان کا آزادانہ تجارتی معاہدہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے در میان تجارت اور تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کے وفد کی بیلاروس جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو براہ راست روابط پیدا کرنے اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کا موقع ملے گا۔
ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد اور تعمیری مکالمے پر مبنی ہیں جس کی بنیاد دوستی اور تعاون پر مبنی ہے۔ یہ تعلقات مسلسل اعلی سطحی تبادلوں اور اقتصادی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں مضبوط تعاون کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلا روس اور پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہیں اس لیے دونوں مل ملکر کام کریں تو ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
چیئرمین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی تعاون کو فروغ دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے نجی شعبے کو آگے آنا ہوگا۔
ملاقات میں بیلاروس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے جورابیک کرگیز بیکوف ممبران آئی سی سی آئی شیخ محمد اعجاز، مقصود تابش، اختر حسین بھی موجود تھے۔