وفاقی حکومت سے معاوضے کی وصولی، ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی پر تنقید کیوں؟

جمعہ 22 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے متاثر ہونے والے شہریوں کو وفاقی حکومت کی جانب سے معاوضے کی ادائیگی کے ضمن میں ایک فہرست سامنے آئی ہے، جس میں تحریک انصاف کی ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی والدہ کا نام شامل ہونے پر اعتراض اٹھایا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے مکمل طور پر تباہ ہونے والے ہر گھر کے لیے 7 لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھر کے لیےساڑھے 3 لاکھ روپے ادا کیے ہیں، اس ضمن میں لوئر اور اپر چترال میں بھی فوراً 45 متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کیے گئے۔

کتنے شہریوں کو معاوضے کی ادائیگی ہوئی؟

معاوضے کی رقم لینے والوں کی جو فہرست منظر عام پہ آئی ہے اس کے مطابق اپر چترال میں مجموعی طور پر 17 متاثرین کو سروے کے فورا بعد ہی چیک دیے گئے جن میں 10 متاثرین کو سات لاکھ جبکہ سات کو تین لاکھ 50 ہزار فی کس ادا کیے گئے تھے۔

فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کی ایم پی اے اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی والدہ بھی متاثرہ افراد میں شامل ہیں، جنہیں ساڑھے 3 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا تھا، جس کے بعد تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے اعتراض کیا گیا ہے۔

معترضین کے مطابق متاثرین کی آڑ میں من پسند افراد کو نوازا گیا ہے، نہ صرف ڈپٹی اسپیکر کی والدہ بلکہ ان کے آبائی علاقے میں 4 دیگر افراد کو بھی چیک ملے ہیں۔

اپر چترال کے مقامی افراد نے معاوضے کی ادائیگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کے مطابق بونی، اوی، ریشن اور چرون میں ہی امدادی رقم کی تقسیم ہوئی ہے جبکہ سب سے زیادہ متاثرہ یارخون اور دیگر دور افتادہ علاقوں کو مکمل نظر انداز کرتے ہوئے سروے تک نہیں کیا گیا۔

’بھائی ن لیگ میں ہے‘

متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم پر تنقید کے بعد ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی بھی خاموش نہیں رہ سکیں، اپنے وضاحتی بیان میں ثریا بی بی نے معاوضے کی تقسیم میں اپنے کسی بھی کردار سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی والدہ اور دیگر کو معاوضے کی ادائیگی کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا۔

ثریا بی بی کے مطابق ان کے بھائی کا گھر کچا اور ان کے مرحوم والد کے دور کا ہے، جو خستہ حال ہونے کی وجہ سے حالیہ برف باری باری میں نقصان پہنچا تھا۔

’معاوضے کے چیک وفاقی حکومت نے تقسیم کیے ہیں، مجھے سروے اور تقسیم کے حوالے سے کچھ علم نہیں، امدادی رقم ان کے بھائی نے وصول کی ہے کیونکہ حالیہ بارشوں اور برف باری سے ان کے آبائی گھر کو نقصان پہنچا تھا، میرا بھائی ن لیگ میں ہے لہذا ن لیگ سے ہی اس ضمن میں دریافت کیا جائے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp