زمانہ طالب علمی میں بیس بال ٹیم کی کپتان تھی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

جمعہ 22 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انہیں کھیلوں سے بہت لگاؤ ہے اور وہ زمانہ طالب علمی میں بیس بال ٹیم کی کپتان تھیں۔

اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ وہ کھیلوں کی بحالی چاہتی ہیں جس کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس کھیلوں کے مواقع کی کمی ہے جس کی وجہ سے وہ نشہ کی طرف راغب ہورہے ہیں، نوجوان طبقے کےلیے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو فوری طور بحال کیا جائے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، اس کے مقابلے کروائے جائیں۔

91 حلقوں میں ملٹی پرپز اسپورٹس گراؤنڈز بنانے پر اتفاق

اجلاس میں پنجاب کے 91 حلقوں میں ملٹی پرپز اسپورٹس گراؤنڈز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی منظوری کے بعد پنجاب اسپورٹس بورڈ کی تشکیل نو اور اسپورٹس ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کے ارکان سابق کھلاڑی اور طلبہ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں پلاننگ اور دیگر ڈویلپمنٹ امور کے لیے اسپیشل پلاننگ یونٹ بنایا جائے گا جبکہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں گھوسٹ ملازمین کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک حاضری کی پابندی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کھیلوں کے فروغ اور ٹریننگ کے لیے ملکی اور غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزیر کھیل اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔

سیکریٹری اسپورٹس نے محکمہ کی ورکنگ سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ری ویمپنگ مکمل ہوگئی ہے اور اس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بچوں کے لیے اسپورٹس کیمپس لگائے جائیں گے۔

2 ارب روپے کے اینڈوومنٹ فنڈ کی منظوری

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو باسکٹ بال کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور 2 ارب روپے سے قائم کیے گئے اسپورٹس اینڈوومنٹ فنڈ کے لیے مزید 2 ارب روپے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسپورٹس سہولیات کی حفاظت کے لیے مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کھیلوں کی ترقی کے لیے جتنے پیسے چاہئیں، ملیں گے۔ اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف اسپورٹس سائنس پنجاب کے قیام کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے اجلاس کو بتایا کہ پرائیویٹ اسکولوں کے پاس جگہ کم تھی، گراؤنڈ نہ ہونے سے اسکولوں سے کھیل ختم ہو گئے۔ سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر بچوں کو کھیلوں کی سہولیات ملنی چاہئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp