اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ہمارے پاس غزہ جنگ روکنے کا اختیار نہیں، جن کے پاس اختیار ہے ان سے جنگ روکنے کی اپیل کرتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے مصر میں رفح کراسنگ کے دورے پر کہاکہ مجھے فلسطینیوں کا درد ہے جسے دنیا کے سامنے لانے کے لیے یہاں آیا ہوں۔
مزید پڑھیں
انتونیو گوتریس نے کہاکہ غزہ آنے والے امدادی ٹرکوں کو روکنا غیراخلاقی حرکت ہے، اس وقت پہلے سے کہیں زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کو انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہاکہ ہم مصر کے ساتھ مل کر غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ رفح میں زمینی آپریشن سے انسانی تباہی آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ فلسطینی ریاست کے قیام کا وقت آ گیا۔ ضروری ہے کہ اب انسانی بنیادوں پر جنگ بندی ہو اور یرغمالیوں کو رہا کیا جائے۔
انتونیو گوتریس نے کہاکہ غزہ میں جس طرح لوگ مر رہے ہیں اور اذیتوں میں ہیں اس کو نہیں دیکھا جا سکتا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اور اب تک 30 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔