اسرائیل فلسطین تنازع: غزہ پٹی پر جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے 2 میجرز سمیت متعدد فوجی اہلکار ہلاک

جمعہ 3 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے 2 میجروں سمیت متعدد فوجی اہلکار غزہ میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ القسام بریگیڈز کے حریت پسندوں نے 6 اسرائیلی ٹینک اور 2 بکتربند گاڑیوں کو فوجیوں سمیت تباہ کردیا ہے۔

اسرائیلی اخبار ہارتز کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روزغزہ میں لڑائی کے دوران مارے جانے والے 2 میجرز اور ایک سارجنٹ کے نام جاری کردیے ہیں۔ ان میں حیفا سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ کیپٹن بینی واس، تلیمون سے تعلق رکھنے والا 41 سالہ میجر اوریا ماش، یروشلم سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ میجر یہوناتن یوزف برانڈ اور ہریش سے تعلق رکھنے والا 39 سالہ سارجنٹ فرسٹ کلاس گل پشٹز شامل ہیں۔

دوسری طرف حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ صرف آج ہمارے مجاہدین نے 6 ٹینک اور 2 بکتر بند گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا ہے جن میں اسرائیلی فوجی سوار تھے۔ علاوہ ازیں ہمارے مجاہدین نے بیت لاہیا کے شمال مغرب میں صیہونی فوج کو حیران کر دیا اور صفر رینج سے 4 فوجیوں پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قابض فوج کے نقصانات ان کے اعلان سے کہیں زیادہ ہیں۔ نیتن یاہو اپنے ہی لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ابوعبیدہ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بکتر بند گاڑیاں جن کے بارے میں آپ فخر کیا کرتے تھے، غزہ میں آپ کے پہلے قدم پر تباہ ہو گئی تھیں۔

’آپ کے زیادہ فوجی کالے تھیلے لے کر گھر واپس آئیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ اپنے ہزاروں لوگوں کی شہادت سے جو درد ہم محسوس کرتے ہیں وہ ہماری جسارت اور شدت کو بڑھا دے گا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے جمعہ کی صبح کہا کہ ایران اپنے پراکسی تنظیموں پر زور دے رہا ہے کہ وہ اسرائیل کی توجہ غزہ کی لڑائی سے ہٹا دیں۔ ایران تخریبی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور پراکسی وارکی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے جس طرح یوکرین، یمن اور عراق میں کیا، اسی طرح وہ اسرائیل کی ریاست کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ہماری توجہ غزہ کی جنگ سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp