چیئرمین پی سی بی کی پھرتیاں: سلیکشن کمیٹی تحلیل، نئی کمیٹی کا اعلان آج متوقع

اتوار 24 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موجودہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کردیا جائے گا جو ٹیم کے انتخاب کے لیے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی۔ نئی سلیکشن کمیٹی کے میرٹ پر فیصلے سب کے سامنے ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحلیل کی گئی سلیکشن کمیٹی میں وہاب ریاض قومی ٹیم کے چیف سلیکٹرتھے، کمیٹی کے دیگر ارکان میں توصیف احمد، وجاہت اللّٰہ واسطی اور وسیم حیدر شامل ھے۔ کامران اکمل اور راؤ افتخار کنسلٹنٹ ممبر اور حسن مظفر چیمہ منیجر انالسٹ کے طور پر شامل تھے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج اس حوالے سے پریس کانفرنس کریں گے، عین ممکن ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پریس کانفرنس میں نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کریں گے، اس حوالے سے وہاب ریاض کو دوبارہ چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں ملنے کا بھی امکان ہے۔ تاہم سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا نام بھی اس حوالے سے گردش کر رہا ہے۔

خیال رہے رواں ہفتے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں تربیتی و فٹنس کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر حکام سے تفصیلی مشاورت کی تھی۔ جس میں چیئرمین کی جانب سے میرٹ اور کارکردگی پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہے اس دوران چیئرمین پی سی بی کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا کہ کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب میں میری سفارش بھی نہ مانی جائے اور پی ایس ایل 9 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو کیمپ میں شامل کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp