خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں گاڑی پر مبینہ خودکش حملہ، چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک

منگل 26 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے سے کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جا رہی تھی۔ حملہ خود کش معلوم ہوتا ہے، مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ حملے کے بعد گاڑی کھائی میں جا گری۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی اور خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 چینی باشندے بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان داسو ڈیم منصوبے سے منسلک تھے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا چینی سفارت خانے کا دورہ اور چینی سفیر سے تعزیت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دھماکے کے فوری بعد چینی سفارت خانے پہنچے اور چینی سفیر سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے آگاہ کیا۔ جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے بھی چینی سفیر کو آگاہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ نا قابل برداشت ہے۔ ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی شدید مذمت

صدر مملکت نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جانبحق ہونے والے چینی باشندوں کے اہل خانہ اور چینی حکومت سے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی شدید مذمت

علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو دھماکے کے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے چینی باشندوں کی ہلاکت پر چینی حکومت سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ چینی باشندوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں غیرملکی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ کی شانگلہ میں چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق چینی شہریوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں چین کی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے، دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا، دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp