رانا ثنااللہ کی گاڑی سے ہیروئن کی برآمدگی، شہریار آفریدی نے حقیقت بیان کردی

منگل 26 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ پر ہیروئن برآمدگی کا دعویٰ ڈی جی اے این ایف کی طرف سے کیا گیا تھا اور ہمیں اس حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہاکہ ایک وزیر ناکا لگا کر کسی ملزم کو نہیں پکڑتا، رانا ثنااللہ پر ہیروئن ڈالنے میں میرا کوئی کردار نہیں۔

انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ رانا ثنااللہ پر ہیروئن ڈالنے کے معاملے کی اعلیٰ سطح انکوائری کرائی جائے تاکہ دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔

مزید پڑھیں

واضح رہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں راناثنااللہ کو 15 کلوگرام ہیروئن برآمدگی کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں ان کی ضمانت ہوگئی تھی۔

اُس وقت کے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ میں نے جان اللہ کو دینی ہے، ہیروئن رانا ثنااللہ سے ہی برآمد ہوئی ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے مزید کہاکہ اگر ہم اس ملک کے خیر خواہ ہیں تو لوگوں کو جوڑنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہاکہ مجھ پر سختی آئیں تو اپنوں نے منہ پھر لیا تھا، میری بیٹیوں کو کوئی پوچھتا نہیں تھا وہ 10 روز تک سڑکوں پر رہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، کیونکہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp