جب تک عمران خان کا سیاسی وجود ہے کسی سے بات نہیں کریں گے، رانا ثنااللہ

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے گرینڈ ڈائیلاگ ممکن ہے، عمران خان کو تو حکومت بھی دیدی جائے پھر بھی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جب تک عمران خان کا سیاسی وجود ہے وہ کسی سے بات نہیں کریں گے۔رانا ثنااللہ نے کہاکہ ججوں کو ڈرانے دھمکانے والوں کو سزائیں ملنی چاہیئیں، فیض آباد دھرنے کے کرداروں کو سزا ملنی چاہیے۔سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ فیض آباد دھرنے کے وقت میں وزیر قانون تھا، جواب دینے کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے کہاکہ فیض آباد دھرنے کے کرداروں میں عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور ایک سیاسی جماعت شامل ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ کر کہا ہے کہ خفیہ اداروں کی جانب سے عدالتی معاملات میں مداخلت کی جا رہی ہے۔

اب سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کی جانب سے لکھے گئے خط پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی نے بینچ میں شامل ججوں پر اعتراض عائد کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp