وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل، ڈریپ حکام اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے خیبرپختونخوا کے علاقے سیفن بڈھ بیر میں جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر جعلی اور ممنوعہ ادویات کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔
ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے پشاور کے علاقے سیفن بڈھ بیر میں واقع جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران جعلی ادویات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، فیکٹری سے ادویات بنانے میں استعمال ہونے والی مشینری بھی برآمد ہوئی، مذکورہ مشینیں جعلی ادویات بنانے میں استعمال ہورہی تھیں۔
مزید پڑھیں
ایف آئی اے کے مطابق جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری سے ادویات، انجیکشنز، پیکنگ میٹریل بھی برآمد ہوا ہے۔
ملزمان جعلی سیرپ بنا کر استعمال شدہ بوتلوں میں پیک کرکے نئے اسٹیکر لگاتے تھے، چھاپہ مار کارروائی میں ڈریپ حکام اور مقامی پولیس بھی شامل تھے۔
برآمد شدہ ادویات اور دیگر آلات کو قبضے میں لے کر ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انکوائری شروع کردی گئی ہے جبکہ جعلی ادویات کی فیکٹری سیل کردی گئی ہے۔
ایف آئی اے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جعلی ادویات بنانے میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گھیر کریک ڈاون جاری رہے گا، خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں ڈریپ حکام کے ساتھ بلا امتیاز کارروائیاں کر رہی ہیں، معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔