پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی جیت کے لیے پُر عزم

جمعرات 16 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 8 ایلیمینیٹر ٹو کا پہلا میچ آج لاہور قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آج پاکستان ٹیم کے افغانستان سیریز کے لیے نامزد کپتان شاداب خان اور سابق کپتان بابراعظم مد مقابل ہوں گے۔

دونوں ٹیمیں 10،10 میچ کھیل چکی ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی کے مقابلے میں 2 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی ہے۔

آج کس کو گھر جانا ہوگا؟

آج جو ٹیم شکست پائے گی اس کو گھر جانا ہوگا جب کہ جیتنے والی ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مزید ایک اور میچ کی جیت درکار ہوگا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ وہ واحد ٹیم ہے جسے 2 بار پی ایس ایل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ جب کہ پشاور زلمی ایک بار پی ایس ایل کی فاتح رہی ہے۔

خیال رہے کہ آج کے میچ کی فاتح ٹیم کل لاہور قلندر کے مد مقابل ہو گی۔ اور اس میچ کی فاتح ٹیم کو اتوار یعنی 19 مارچ کو فائنل میں ملتان سلطانز کا سامنا کرنا ہوگا۔

اچھا مقابلہ ہوگا ، انضمام الحق

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کے صدر انضمام الحق کا کہنا ہے’کہ ایلیمنیٹر میچ کے لیے تیاری اچھی ہے، اچھا مقابلہ ہوگا، پی ایس ایل میں پچز اچھی بنی ہیں بیٹنگ اچھی ہوئی ہے‘۔

انضمام الحق نے پی ایس کی چھوٹی باونڈریز کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پچز خواہ بیٹنگ ہی بنائیں لیکن باؤنڈریز  بڑی ہونی چاہییں، چھوٹی باؤنڈریز  کی وجہ سے بیرونی دوروں پر کھلاڑیوں کو مشکل ہوسکتی ہے‘۔

بابر اعظم سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی

واضح رہے کہ پشاور زلمی میں کپتان بابر اعظم پی ایس ایل 8 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں جنھوں نےاس بار پی ایس ایل میں 9 میچز میں 416 رنز بنائے۔ جب کہ اب تک سب سے زیادہ 516 رنز بنانے والے محمد رضوان ہیں۔ پشاور زلمی کے دوسرے تگڑے کھلاڑی احسان اللہ ہیں جو سب سے زیادہ وکٹس حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ جنھوں نے پی ایس ایل 8 میں اب تک 11 میچز میں 310 پر وکٹیں حاصل کیں ۔

حسن علی سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی

اسلام آباد یونائیٹڈ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کولن مونرو ہیں۔ جنہوں نے 10 میچز میں 294 رنز بنائے۔ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی ہیں جنہوں نے سات میچز میں 260 رنز پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ 2016 سے 2022 تک سب سے زیادہ اس کور بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے بابر اعظم ہیں جنہوں نے 66 اننگز میں 42.33 کی اوسط اور 121.13 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2413 رنز بنائے۔ جس میں انہوں نے 23 ’نصف سنچریاں‘ بنائیں اور سب سے زیادہ اسکور 90* تھا۔ جب کہ دوسرے نمبر پر زیادہ اسکور بنانے والے کامران اکمل ہیں اور تیسرے نمبر پر فخر زمان کا نام ہے۔

وہاب ریاض کا اعزاز

2016  سے 2022 تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز وہاب ریاض کو حاصل ہے جنہوں نے 76 اننگز میں 16.8 کے اسٹرائیک ریٹ اور 7.59 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 103 وکٹیں حاصل کیں۔ پی ایس ایل میں ان کی بہترین باؤلنگ فگر 4/17 ہے۔

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی ہیں اور تیسرے نمبر پر شاہین شاہ آفریدی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp