ججز کے خط کا معاملہ: وزیراعظم شہباز شریف آج چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کریں گے

بدھ 27 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج دن 2 بجے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کریں گے، جبکہ قانونی ٹیم بھی ان کے ہمراہ ہوگی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کے بعد نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز انہی الزامات کا جائزہ لینے کے لیے چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس ہوا جس میں 6 ججوں کی جانب سے لکھے گئے خط پر غور کیا گیا۔  تاہم ابھی تک اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھا گیا ایک خط سامنے آیا تھا۔

ہائیکورٹ کے ججوں نے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا تھا کہ عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مداخلت اور ججز پر اثرانداز ہونے کے معاملے پر جوڈیشل کنونشن بلایا جائے۔

خط لکھنے والوں میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل ہیں۔

خط کی کاپی سپریم کورٹ کے تمام ججوں کو بھی بھجوائی گئی تھی، جبکہ خط میں عدالتی امور میں ایگزیکٹو اور ایجنسیوں کی مداخلت کا ذکر کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp