شادی شدہ ہوں لیکن دوسری شادی کرنا چاہتی ہوں، خاتون کا عالم دین سے کیا گیا سوال وائرل

جمعرات 28 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی ٹی وی چینلز پر خصوصی نشریات کا آغاز ہو جاتا ہے، سحری سے افطار تک جاری رہنے والی نشریات اب ٹرینڈ بن گئی ہیں، رمضان ٹرانسمیشنز کے مختلف سیگمنٹس میں علما بھی شرکت کرتے ہیں جس میں دینی مسائل کے حوالے سے ناظرین کو لائیو کالز پر لیا جاتا ہے اور لوگ اپنے مسائل بیان کرتے ہیں۔

ایسی ہی ایک لائیو کال ایک نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں آئی جس میں ایک خاتون پروگرام میں شریک علما سے سوال کرتی ہے’ میں شادی شدہ ہوں لیکن جہاں نوکری کرتی ہوں وہاں مجھے ایک لڑکا پسند آگیا ہے۔ میرے شوہر بھی بہت اچھے ہیں۔ کیا شوہر سے طلاق لے لوں اور اس شخص سے شادی کر لوں جس کو میں پسند کرتی ہوں؟‘

پروگرام میں شریک مفتی صاحب کہتے ہیں’بعض دفعہ ہمارا دل بہت سی ایسی چیزوں کا کرتا ہے جو جائز نہیں ہوتیں، اس لیے خواہشات کو قابو میں رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ جب کوئی خاتون عذر شرعی کے بغیر طلاق کا مطالبہ کرتی ہے تو وہ جنت کی خوشبو نہیں سونگھ پائے گی‘۔

مفتی صاحب نے مزید کہا’ دفتر میں اگر آپ کا اتنا وقت گزرتا ہے جہاں علیحدگی میں آپ کو ایسی فیلنگز آتی ہیں تو آپ کا وہاں کام کرنا بھی مناسب نہیں ہے۔ ایک خاوند کے ہوتے ہوئے آپ اس کی امانت میں خیانت کر رہی ہیں‘۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاتون کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وہ شادی شدہ ہوتے ہوئے ایسی بات کیسے کر سکتی ہیں جبکہ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ فیک کال ہے اور ایسے سوالات پلانٹڈ ہوتے ہیں۔

عاصم اعجاز لکھتے ہیں کہ پچھلی چند دہائیوں میں غیر ازدواجی تعلقات بہت عام ہو چکے ہیں کیونکہ ٹیکنالوجی میں ترقی کی وجہ سے لوگوں کی صنف مخالف تک رسائی آسان ہو گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی قیمت پر پُرامن تعلقات کو کبھی خراب نہ کریں۔

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب فیک کالز اور پلانٹڈ سوال ہوتے ہیں تاکہ عوام کی ذہن سازی کی جا سکے اور ان کو غلط راستے دکھا سکیں۔ جن چیزوں کے بارے عوام نہیں سوچتی یہ گفتگو سن کر وہ سوچنا شروع کردے گی۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس وقت معاشرے کے یہ حالات ہو گئے ہیں کہ من پسند اور من مرضی کے فیصلے ہی اچھے لگتے ہیں۔

ایک صارف عمر جنجوعہ نے لکھا کہ اگر ایسی نوبت آ گئی ہے تو خلع لے لیں، یہ تو بہت اہم اور بنیادی بات ہے اس کا بھی آپ کو علم نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا’ مجھے یہ فیک کال لگتی ہے۔ ایسی چیزوں کو جان بوجھ کر ایک ایجنڈے کے تحت پروموٹ کیا جا رہا ہے‘۔

ایک ایکس صارف نے کہا کہ ’ٹی وی چینلز نے وتیرہ بنا لیا ہے کہ ریٹنگ بڑھانے کے لیے خود سے سوالات گھڑ لو اور لائک شئیر جمع کرو‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp