توہین الیکشن کمیشن: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سماعت روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

جمعرات 28 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور کے وکلا نے الیکشن کمیشن کے مکمل ہونے تک سماعت روکنے کی درخواست کردی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکلا نے دلائل دیے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کے تقرر اور الیکشن کمیشن کی تکمیل تک چیف الیکشن کمشنر اکیلے کیس کی سماعت نہیں کرسکتے۔

علی امین گنڈا پور کے وکلا نے چیف الیکشن کمشنر سے الیکشن کمیشن کی تکمیل تک کیس کی سماعت روکنے کی درخواست کی۔ جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو سماعت کا اختیار حاصل ہے۔

درخواست گزار راجہ زین ایڈووکیٹ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور الیکشن کمیشن کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں، کیس کی سماعت رکوانے سے متعلق ان کی درخواست مسترد کی جائے۔

وکلا کے دلائل کے بعد چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے علی امین گنڈاپور کی سماعت روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ 5 مارچ کوالیکشن کمیشن آزادکشمیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 11 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور مقررہ تاریخ کو پیش نہ ہونے کی صور ت میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن میں انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp