کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

ہفتہ 30 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کسان کارڈ پر نوازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، درخواست شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائرکی ہے، درخواست میں وزیر اعلیٰ پنجاب، پنجاب حکومت اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف کی تصویر کے ساتھ کسان کارڈ کی منظوری دی ہے۔ پبلک فنڈز ذاتی تشہیر کے لیے استعمال نہیں ہوسکتے۔

درخواست گزار کے مطابق کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ قومی خزانے کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کرنا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ پنجاب حکومت کو نواز شریف کی تصویر والے کسان کارڈ جاری کرنے سے روکے۔ کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے پر آنے والے اخراجات نواز شریف سے وصول کیے جائیں۔

یہ بھی استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک کسان کارڈ کی پرنٹنگ روکنے کا حکم دے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp