لاہور ہائیکورٹ: کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کے خلاف درخواست خارج

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔

عدالت العالیہ لاہور کے جج جسٹس شاہد کریم نے کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ سپریم کورٹ متعدد بار ایسی ذاتی تشہیر سے متعلق فیصلے دے چکی ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری آفیشل ہینڈ آؤٹ درخواست کے ساتھ لف ہے۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ ایسا کچھ نہیں ہورہا یہ درخواست وقت سے پہلے دائر ہوئی، قانون کے مطابق سب کام ہو رہا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف کی تصویر کے ساتھ کسان کارڈ کی منظوری دی ہے۔ پبلک فنڈز ذاتی تشہیر کے لیے استعمال نہیں ہوسکتے۔

بعد ازاں عدالت نے کسان کارڈ پر نوازشریف کی تصویر لگانے کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp