وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر لمحہ آگے بڑھ رہی ہے، دوستی میں دراڑ ڈالنے والے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، بشام واقعے میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 26مارچ کو بشام میں ایک خوفناک واقعہ ہوا، واقعے میں 5چینی باشندے ہلاک ہوئے، چینی انجینئر کے ساتھ ایک پاکستان شہری بھی شہید ہوا۔
مزید پڑھیں
’چینی سفارتخانے جاکر چینی انجینئرز کے لیے تعزیت کی، ان کو یقین دہانی کرائی کہ چین کے انجینئرز اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرینگے‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن پاک چین دوستی کو ختم کرنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں، پاک چین دوستی کے حوالے سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، دشمن نہیں چاہتے پاکستان اور چین کی دوستی آگے بڑھے۔
’پوری قوم بشام واقعہ پر چین کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا‘۔
احتساب مجھ سے شروع ہوکر نیچے لیول تک جائے گا
شہباز شریف نے احتساب سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی نظام احتساب کے بغیر نہیں چل سکتا، احتساب مجھ سے شروع ہوکر نیچے لیول تک جائے گا، ہم نے توانائی، زراعت اور آئی ٹی میں ملک کو آگے لے کر جانا ہے، اہداف پورے کرنے کے لیے میکینزم بنانا ہوگا، 5 سال میں ملکی معیشت کو بدلنا ہوگا۔
’ججز کی سیکیورٹی اور انصاف کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات کریں گے‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے جی ڈی پی گروتھ بڑھانا ہے، آئی ایم یف کے پروگرام کو آگے بڑھانا ہے، ہمیں خود انحصاری کی طرف جانا ہوگا، نوجوان نسل کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹریننگ سینٹر قائم کرنے ہوں گے، ملکی وسائل کی حفاطت نہیں کریں گے تو ترقی ممکن نہیں ہے۔
’وزارتوں میں مایہ ناز سیکرٹری موجود ہیں جن سے کام لیا جاسکتا ہے، بجلی کی چوری پر مزید کنٹرول کی ضرورت ہے، نیت صاف ہو تو اللہ تعالیٰ نیک نیتی کا صلہ دیتا ہے، مختصر وقت میں اگر 200ارب ڈالر بھی واپس آجائیں تو کافی ہے‘۔
سرکاری اخراجات کو کم کریں گے
ان کا کہنا تھا کہ انسانی وسائل کی کمی ہے تو یونیورسٹیوں سے بہترین لوگ لیے جائیں، تمام وزارتوں کے اہداف کے حصول کے لیے جلد حکمت عملی اپنائی جائے، منی لانڈرنگ روکنے کے لیے نئے قوانین بنائیں گے، قرضوں کو نیچے لانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔
’ملک سے سمگلنگ کا خاتمہ کرنے کے لیے مزید کام کی ضرورت ہے، ہم نے محنت اور لگن سے دن رات کام کرنا ہے، سرکاری اخراجات کو کم کریں گے، معیشت مستحکم ہوگی تو تمام معاملات چلیں گے‘۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اورنگزیب قابل آدمی ہیں، ملک کے لیے نیک نیتی سے کام کریں گے، معیشت کی بہتری کے لیے قابل لوگوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔