پرویز الہٰی کی پمز سے اڈیالہ جیل منتقلی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ہفتہ 30 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقلی کا معاملہ ہائیکورٹ تک پہنچ گیا ۔

سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کو  پمز اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقلی کے خلاف ان کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی ہے۔ پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی ۔

قیصرہ الہٰی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے شوہر پرویز الٰہی جیل میں گرنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے تھے، انہیں اسپتال لایا گیا تو میڈیکل رپورٹس کے مطابق پرویز الٰہی کی پسلی کی ہڈیوں میں فریکچرز ہیں۔

درخواست میں قیصرہ الہٰی نے کہا ہے کہ 78 سالہ پرویز الٰہی عارضہ قلب سمیت متعدد امراض میں مبتلا ہیں، زخمی ہونے کی وجہ سے سانس لینے میں بھی دشواری پیش آرہی ہے۔

درخواست کے مطابق ڈاکٹرز کی ہدایات پر انہیں پمز منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ زیر علاج تھے، پرویز الٰہی کو انتہائی نگہداشت میں مسلسل مانیٹرنگ اور علاج کی ضرورت ہے، حکومت انتقامی کارروائیوں میں سیاسی مخالفین کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھ رہی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کی اسپتال سے جیل منتقلی بدترین انتقامی کارروائی ہے۔

وکیل سردار عبدالرازق کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر صحت نے پمز اسپتال کا دورہ کیا جہاں پرویز الٰہی کے اسپتال میں داخل ہونے کا علم ہونے پر وزیر صحت نے سخت برہمی کا اظہار کیا،  ڈاکٹرز کی ہدایات کو نظر انداز کرکے پرویز الہٰی کو فوری طور پر اسپتال سے ڈسچارج کرکے اڈیالہ جیل شفٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp