پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سابق کپتان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ شاہین آفریدی آمنے سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی سے بات کیے بغیر اپنے طور پر ان سے منسوب بیان جاری کردیا۔
بیان میں شاہین شاہ آفریدی سے منسوب کرکے کہا گیا تھا کہ وہ میدان کے اندر اور باہر بابر اعظم کی مدد کرنے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں
’میں بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلا ہوں ان کے لیے احترام موجود ہے، ہم سب کا مقصد پاکستان کو دنیا کی بہترین ٹیم بنانا ہے ‘۔
اب ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی سے بات کیے بغیر یہ جملے ان سے منسوب کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی افطاری کرکے سوئے ہوئے تھے تو پی سی بی نے ان کے نام سے بیان جاری کردیا۔ اور بعدازاں معلوم ہونے پر شاہین شاہ بورڈ کے اس رویے سے شدید پریشان ہیں۔
شاہین آفریدی کی جانب سے ردعمل دینے کا امکان
ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے جلد پی سی بی کے اس عمل پر ردعمل جاری کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی سلیکشن کمیٹی کے رویے اور کپتانی لینے کے فیصلے سے متعلق بھی سخت ناراض ہیں، جبکہ شاہین شاہ کے سوالوں کا سلیکشن کمیٹی نے جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی کپتانی سے ہٹاکر بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سونپ دی ہے۔