سینیٹ الیکشن: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور الیکشن کمیشن آمنے سامنے، انتخابات ہونگے یا نہیں؟

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ منگل کو پورے پاکستان میں سینیٹ کے لیے انتخابات ہو رہے ہیں خیبر پختونخوا میں بھی شیڈول ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ نئے اراکین نے حلف اٹھا لیا ہو۔‘

مزید پڑھیں

خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن کے ترجمان سہیل خان ، جو سینیٹ الیکشن بروقت ہونے کی تمام تر ذمہ داری اسپیکر پر ڈال رہے ہیں، نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 10 مارچ کو سیکریٹری صوبائی اسمبلی کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کی تقرری کا اعلامیہ اور  14 مارچ کو الیکشن پروگرام اور پبلک نوٹس شیئر کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 19 مارچ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے انعقاد اور2 اپریل کو  پولنگ ڈے کے حوالہ سے انتظامات کے بارے مراسلہ بھی بھیجا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ 21 مارچ کو سینیٹ الیکشن میں ووٹرز یعنی ممبران صوبائی اسمبلی کے لیے تحریری ہدایات بھی سیکریٹری صوبائی اسمبلی کو بھیجی گئیں، جس کی کنفرمیشن بھی 26 مارچ کو کی گئی۔

سہیل خان نے بتایا کہ سکریٹری صوبائی اسمبلی کے ساتھ مل انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ’ہم ریٹرنگ افسر (صوبائی الیکشن کمشنر ) کے ساتھ پولنگ اسٹیشن جائیں گے۔ اگر نئے اراکین سے حلف لیا گیا تو پولنگ ہو گی۔‘

اجلاس بلانے کا اختیار نہیں، اسپیکر ہائی کورٹ پہنچ گئے

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن سے پہلے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کے معاملے پر اسپیکر بابر سلیم سواتی پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے اور نظرثانی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ عدالت نے نئے ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا ہے ، نہ اسمبلی کا اجلاس ہے اور نہ کوئی ریکوزیشن آئی ہے ممبران سے حلف کیسے لیا جائے؟۔

درخواست میں اسپیکر نے لکھا ہے کہ ریکوزیشن کے بغیر اسپیکر اجلاس نہیں بلاسکتا، عدالت فیصلے پر نظرثانی کریں۔

 الیکشن کمیشن اور اسپیکر آمنے سامنے

سینیٹ الیکشن سے پہلے نئے اراکین سے حلف لینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن اور اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی آمنے سامنے آگئے ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے بات چیت میں اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ وہ رول آف لاء پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کاحکم ٗآیا تو اس پر قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔جبکہ گورنر ازخود اجلاس طلب نہیں کرسکتے۔ ’ الیکشن کمیشن تو بادشاہ ہے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ اسمبلی ہال پولنگ سٹیشن ڈکلیئر ہوگیا ہے الیکشن کمیشن جب چاہے آسکتا ہے۔‘

دوسری جانب الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن نئے اراکین کے حلف سے مشروط ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پولنگ عملہ اسمبلی جائے گا لیکن الیکشن حلف تک نہیں ہو گا۔

اسپیکر اور الیکشن کمیشن دونوں من مانی کر رہے ہیں، قانون دان

سینیئر قانون دان بیرسٹر علی گوہر دورانی کے مطابق سینیٹ الیکشن نئے اراکین کے حلف سے مشروط کرنا درست نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئین میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا ہے کہ اراکین کی تعداد پوری ہو۔ ’ سینٹ الیکشن کا اعلان ہوا، تاریخ دی گئی اب وقت پر الیکشن ہونا چاہییں۔‘

علی گوہر نے کہا کہ اگر اراکین کی تعداد پوری ہونا لازمی ہے تو صدر کے انتخابات میں بھی یہ قانون لاگو ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دے دیا ہے، سنی اتحاد کونسل کو نشستیں نہیں ملنی تھی تو حلف اٹھانا چاہیے تھا۔

سابق ایڈو کیٹ جنرل شمائل بٹ کا کہنا تھا کہ ہر فریق من مانی کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی نقطہ نظر سے اراکین کے حلف سے الیکشن کمیشن کا کوئی کام نہیں ہے۔

صحافی عارف حیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سینیٹ الیکشن سے قبل نئے اراکین سے کسی صورت حلف لینا نہیں چاہتی، اسی وجہ سے عدالتوں سے طول دینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ سینیٹ الیکشن کا انعقاد ہو جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر نئے اراکین جو مخصوص نشستوں پر آئے ہیں، اگر حلف اٹھا لیا تو پاکستان تحریک انصاف 3 نشستوں سے محروم ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کے حوالے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنچ کر دیا ہے جبکہ اعظم سواتی بروقت سینیٹ الیکشن کے لیے پشاور ہائی کورٹ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے حتمی تاریخ  دے دی گئی ہے تیاریاں مکمل ہیں۔ اسمبلی ہال پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے لیکن پھر بھی الیکشن نہیں ہو رہے۔ مسئلہ انا کا ہے قانون یا آئین کا نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ہر فریق پارٹی مفاد کے لیے لگا ہے قانون اور آئین کی کوئی پیروی نہیں کرتا۔ ’کل اسمبلی میں پھر تماشا ہو گا، لیکن الیکشن نہیں ہو گا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp