عمر ایوب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر

منگل 2 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کردیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب کی اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات ہوئی جس میں اسپیکر ایاز صادق نے عمر ایوب کی درخواست کی تصدیق کی تھی۔ اسپیکر کی جانب سے عمر ایوب خان کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کرنے کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تقرری کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نوٹیفیکیشن سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے اراکین بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب اور ملک محمد عامر ڈوگر نے ملاقات کی تھی اور قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ اپوزیشن کی طرف سے قائد حزب  اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام جمع کروایا گیا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے  قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 39 کے تحت سکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف ڈیکلیئر کر دیا تھا۔

قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے لیے کاغذات جمع کرنے کا وقت کل مورخہ یکم اپریل 2024 کو شام 6 بجے تک تھا، مقرر وقت تک کسی دوسرے امیدوار کے کاغذات موصول نہیں ہوئے تھے۔

عمر ایوب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔ یاد رہے کہ  قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران وزارت عظمیٰ کا انتخاب ہوا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔ شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے 201  ارکان کے ووٹ حاصل کیے اور ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب 92 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔

قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت حاصل رہی جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے امیدوارتھے اور ایوان میں ان کے اراکین کی تعداد 91 ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp