ہائیکورٹ ججوں کو موصول مشکوک خط سے ملنے والا اینتھراکس پاؤڈر کیا ہے؟

منگل 2 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سمیت 8 ججوں کو آج مشکوک خطوط موصول ہوئے جن میں سے ایک خط کے اندر پاؤڈر بھی موجود تھا۔

عدالتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوئے اور جب ایک جج کے اسٹاف نے خط کھولا تو اس کے اندر پاؤڈر موجود تھا۔ اس کے علاوہ خط کے اندر ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود تھا۔

واضح رہے کہ مشکوک خطوط موصول ہونے کا مقدمہ منگل کے روز تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ہائیکورٹ کے کلرک قدیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

اس انکشاف کے بعد زیادہ تر افراد کا کہنا ہے کہ یہ اینتھراکس پاؤڈر بھی ہو سکتا ہے۔ جبکہ بہت سے افراد اس کشمکش میں ہیں کہ آخر اینتھراکس پاؤڈر ہے کیا اور یہ کتنا خطرناک ہو سکتا ہے۔

وی نیوز نے اسی کے متعلق جاننے کے لیے کچھ ڈاکٹرز سے رابطہ کیا اور تفصیلات سامنے لانے کی کوشش کی۔

اینتھراکس پاؤڈر کیا ہے؟

اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال کے سینیئر سرجن نے اینتھراکس پاؤڈر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اینتھراکس وہ بیکٹیریا ہے جو موت کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کئی منفرد بیکٹیریا کی خصوصیات کی وجہ سے اینتھراکس کو حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر کے مطابق حیاتیاتی ایجنٹ وہ جراثیم ہیں جو لوگوں، مویشیوں یا فصلوں کو بیمار یا مار سکتے ہیں۔ اینتھراکس کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال اس لیے بھی کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔ آپ ان بیکٹیریاز کو دیکھنے، سونگھنے یا چکھنے کے قابل نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسے لیبارٹری میں بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔

’اس پاؤڈر کو خاص طور پر بائیو لوجیکل وار فئیر اور بائیو ٹیرارزم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے‘۔

اس پاؤڈر کے انسانی صحت پر کیا اثرات ہوسکتے ہیں؟

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اگر فوری طور پر علاج نہ کرایا جائے تو یہ تیزی سے ہلاکتیں کرسکتا ہے۔ اس کی وجہ سے انسان کو پہلے نزلہ، زکام ہوتا ہے، پھر 2 سے 4 روز کے اندر اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں جن میں گلے کی سوزش، پٹھوں کا درد، بخار، کھانسی، سانس کی قلت اور تھکاوٹ محسوس ہونا شامل ہے۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ اس صورتحال میں مریض کی حالت مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے اور اس کی جان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔

اینتھراکس کی کتنی اقسام ہیں؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اینتھراکس کی 3 اقسام ہیں جن میں سے ایک کٹنیئس اینتھراکس ہے، یہ 3 قسموں میں سب سے عام اور کم سے کم خطرناک ہے۔ یہ بیماری جلد پر شروع ہوتی ہے اور ایک سیاہ مرکز کے ساتھ بغیر درد کے زخم میں بدل جاتی ہے۔ کچھ لوگوں کو پھر سر درد، پٹھوں میں درد، بخار اور الٹی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بیماری کی علامات میں فوڈ پوائزننگ بھی شامل ہے، لیکن یہ بڑھ کر پیٹ میں شدید درد، خون کی قے اور شدید اسہال کا سبب بن سکتا ہے۔

سب سے خطرناک قسم کون سی ہے؟

انہوں نے بتایا کہ سانس کا اینتھراکس اس بیماری کی سب سے مہلک شکل ہے۔ اگر اس مرض کا علاج نہ کرایا جائے تو یہ مہلک ثابت ہو سکتی ہے لیکن فوری علاج کے ساتھ تقریباً 55 فیصد مریض زندہ رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ تقریباً ایک صدی سے دنیا بھر میں اینتھراکس کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ 2001 میں پاؤڈرڈ اینتھراکس کے بیضوں کو جان بوجھ کر ان خطوط میں ڈالا گیا جو امریکی پوسٹل سسٹم کے ذریعے بھیجے گئے تھے۔ 12 میل ہینڈلرز سمیت 22 افراد کو اینتھراکس ہوا اور ان 22 افراد میں سے 5 کی موت ہوگئی۔

اینتھراکس کا حملہ کئی شکلیں لے سکتا ہے۔ مثال کے طور پر اسے خطوط میں رکھا جا سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp