تائیوان : 7.2 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی، اموات میں اضافہ کا خدشہ

بدھ 3 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تائیوان کے مشرقی ساحل پر 7.2 شدت کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی، جبکہ بیسیوں افراد زخمی ہیں اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے  کے مطابق  تائیوان میں زلزلے سے بلند عمارتیں گرنے سے 9 افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے ہیں، زلزلہ تائیوان کے  مقامی وقت کے مطابق صبح 7.58 بجے آیا، زلزلے کا مرکز ہوالین شہر سے تقریباً 18 کلومیٹر جنوب میں واقع تھا، امریکی جیولوجیکل سروے نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.4 کی، جبکہ تائیوان کی اپنی زلزلے  کی نگرانی کرنے والی ایجنسی نے اس کی شدت 7.2 بتائی ہے۔

ابتدائی زلزلے کے بعد ایک گھنٹے میں متعدد طاقتور آفٹر شاکس آئے ہیں، جس کے باعث تائی پے میں سب وے سروس اور ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہیں۔

تائیوان میں زلزلے کے بعد پڑوسی ممالک میں سونامی کی بھی وارننگ جاری کردی گئی ہے، جاپان میں اوکیناوا میں سونامی کی پہلی لہریں میاکو اور یایاما جزائر کے ساحلوں سے ٹکرائی ہیں۔

دوسری طرف فلپائن کی سیسمولوجی ایجنسی نے زلزلے کے بعد فوری طور پر سونامی الرٹ جاری کرتے ہوئے رہائشیوں کو حفاظت کے لیے اونچے علاقوں میں منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

کرٹن یونیورسٹی کے اسکول آف ارتھ اینڈ پلانیٹری سائنسز کے پروفیسر کرس ایلڈرز کا کہنا ہے کہ 7.2 کے زلزلے کی کم گہرائی نے تائیوان میں زیادہ نقصان کے ساتھ ساتھ سونامی کی لہروں کو زیادہ خطرناک بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

‘ابتدائی زلزلے کے بعد ایک گھنٹے میں بڑے آفٹر شاکس آئے ہیں، آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ تائیوان کا مشرقی علاقہ خاص طور پر زلزلوں کا شکار ہے اور ماضی میں یہاں 8.2 شدت تک کا زلزلہ آیا تھا۔

‘یہ ان علاقوں کے قریب اس کی پوزیشن کا نتیجہ ہے جہاں فلپائنی بحیرہ ٹیکٹونک پلیٹ مشرقی ایشیا کے نیچے دب رہی ہے، اور یہ جزیرہ خود جزیرے کے آرکس کے درمیان تصادم کے زون کی نمائندگی کرتا ہے جو فلپائن سے شمال تک یوریشین براعظم کے حاشیے تک پھیلا ہوا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp