وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان لاشوں کی سیاست نہ کریں۔ وہ کچھ بھی کرلیں عدالت جانا ہی پڑ ے گا۔ عدالت میں حاضر نہ ہونے کی وجہ سے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔
خواجہ سعد رفیق نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا عمران خان کو کئی بار عدالتوں نے بلایا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔ بہتر ہے عمران خان قانون کے سامنے سر تسلیم خم کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عوام سے زیادہ ہمیں تکلیف بھگتنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا اب آئی ایم ایف کی وہ شرائط آ رہی ہیں جو پوری نہیں کی جا سکتی۔ امید ہے معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ ہم نے ریاست بچانے کے لیے اپنی سیاست کو داؤ پر لگایا ہے۔
انہوں نے کہا عمران خان نے عام شہریوں کو حکومتی اداروں کے خلاف لا کھڑا کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں میں پیش ہو تے رہے۔ انہیں روزانہ احتساب عدالت میں بھی پیش کیا جاتا تھا۔ مسلم لیگ ن نے کبھی سرکاری اہل کاروں پر پتھراؤ نہیں کیا۔
وزیر ہوا بازی نے مزید کہا کہ عمران خان نے جتھوں کی سیاست کو رواج دیا۔ جتھوں نے عدالتوں پر چڑھائی کی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور گاڑیوں کو آ گ لگائی۔ عمران خان کا پاکستان اور ہے اور عام آدمی کا پاکستان اور ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا عمران خان سہولت کاروں اور فارن فنڈنگ کے ذریعے آئین سے کھلواڑ کر ر ہے ہیں۔ سہولت کار اب بھی موجود ہیں اور فارن فنڈنگ اب بھی ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا یاسمین راشد کی صدر مملکت کی آڈیو پر جو گفتگو ہوئی اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی سابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے گفتگو بھی پوری قوم نے سنی جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ زمان پارک بندے لے کر آؤ ورنہ عمران خان ٹکٹ نہیں دیں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا عمران خان ڈکٹیٹر بن کر فیصلے کر رہے ہیں۔پوری قوم کو پتا ہے کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پٹرول بم پھینکے جس سے پولیس کے 65 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس چاہتی تو اسی طرح کا رد عمل دے سکتی تھی لیکن انہوں نے خون خرابے سے پرہیز کیا۔
انہوں نے کہا پولیس پر تشدد کرنے والوں کے خلاف حکومت سخت ایکشن لے گی۔ زمان پارک میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد عناصر بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ گلگت بلتستان پولیس نے لاہور میں آ کر غیر قانونی کردار ادا کیا۔ عمران خان لاشوں پر سیاست کو رواج دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دو صوبوں میں حکومت ختم کرا دی۔ اب اگر دو صوبوں میں پرانی مردم شماری کے مطابق الیکشن ہوتے ہیں اور اس کے بعد باقی صوبوں میں نئی مردم شماری کے مطابق الیکشن ہوں تو کیا یہ نیا تماشا کھڑا نہیں ہو جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں اپنے منشور کے مطابق نیا نظام عدل اور ججز کی تقرری کے طریقہ کار کو بدلے گی تاکہ کوئی بھی شخص ججز پر اثر انداز نہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا جب جونیئرز کو سینیئر کر دیا جاتا ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
مذاکرات کی پیش کش کے حوالے سے سوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی باتوں پر اعتبار نہیں۔ مقبولیت کے پہاڑ پر چڑھنے والے ہمیشہ نیچے گرتے ہیں۔