جرمنی کے لیپزگ زولوجیکل گارڈن سے شیر کی دم والا نایاب بندر مکاک چوری ہوگیا۔
مزید پڑھیں
چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق شیر کی دم والی مادہ روما کا پنجرہ توڑ کر کوئی اسے چرا لے گیا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
چڑیا گھر نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ چوری کے پیچھے کیا مقصد ہے لیکن ہم جانوروں کی فلاح و بہبود کے بارے میں بہت فکر مند ہیں جن کی مناسب دیکھ بھال کے لیے ماہر علم کی ضرورت ہوتی ہے۔
انتظامیہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جانور کو بغیر کسی نقصان کے محفوظ کر لیا جائے گا یا واپس کر دیا جائے گا۔
جرمن ریاست سیکسنی کی پولیس نے بتایا کہ چوری کی یہ واردات 30 مارچ کی رات ہوئی تھی۔
سیکسنی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور بندریا کو مطلوبہ فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
افسران نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ اس واقعے کے گواہ ہوں یا کوئی بھی معلومات رکھتے ہوں تو پولیس سے رابطہ کریں۔
شیر کی دم والے مکاک دور قدیم کے بندروں کی ایک قسم ہے جو ہندوستان میں مغربی گھاٹ پہاڑی سلسلے کے جنگلات میں آباد ہے۔
یہ اپنی شیر جیسی کالی دم اور چہرے کو گھیرے سرمئی یا چاندی کی ایال کے باعث بآسانی پہچان میں آجاتے ہیں۔
شیر کی دم والے یہ مکاک دنیا میں صرف چند ہزار ہی ہوں گے۔ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر(آئی یو سی این) نے انہیں خطرے سے دوچار قرار دیا ہے۔