پاکستان میں ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 3 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے نئے اقدامات کیے جائیں گے، باصلاحیت پیشہ ور افراد اور تکنیکی ماہرین ہمارے موجودہ گورننس کے نظام میں جدت لاکر اسے مزید مؤثر بنائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں نئے ٹیلنٹ کے فروغ اور وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول کے حوالے سے تجاویز پر غورکیا گیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو عالمی سطح کا ٹیلنٹ پول تشکیل دینا چاہیے کیونکہ یہ ایسا دور ہے جس میں کسی بھی قوم کی کامیابی میں ٹیلنٹ ہی سب سے بڑا فرق پیدا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی پالیسی پروگراموں پر موثر عملدرآمد کے لیے اہل اور باصلاحیت کارکنوں کی تیاری کے طریقوں اور غیر جانبداری کے اصولوں پر قائم اور میرٹ پر بھرتی کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس کی بھی صدارت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ باصلاحیت ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور اس کے حصول پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے جس طرح ہمیں ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اس کے حصول پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاروباری برادری ایسی جگہوں پر سرمایہ کاری چاہتی ہے جہاں ٹیلنٹ ہو، سیاست اور پالیسیاں مستحکم ہوں اور سسٹم کام کرے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل

وزیراعظم نے پاکستان میں ٹیلنٹ کی ضرورت کے بہتر حصول میں مدد کے لیے وزارتوں میں حالیہ فریم ورک کو بہتر بنانے اور واضح کرنے کے لیے پالیسی کی تشکیل کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی اور اسے اپنی تجاویز جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پالیسی سازی کی سطح پر تکنیکی معاونت کی کمی کو پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جو سول سروس میں نئی مہارتیں تیار کرنے، بڑے منصوبوں کے انتظام کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے ضروری ہے۔

اجلاس کے شرکا نے بیرون ملک سے افراد کی تعیناتی میں ٹائم اسکیل طریقہ کار جیسی رکاوٹوں کو اجاگر کیا جس کی وجہ سے بہترین امیدواروں کو درست طریقہ سے تلاش نہیں کیا جا سکتا اور تنخواہوں کی ادائیگی جیسے مسائل سے بہترین ٹیلنٹ بالخصوص ایسے علاقے جہاں ہنرمند افراد کی کمی ہو، تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp