چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرخان نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا نام بانی چیئرمین عمران خان کے منظور کردہ فوکل پرسنز کی فہرست سے نکالنے کی تصدیق کرتے ہوئے نئے فوکل پرسنز کی تعیناتی کااعلان کردیا ہے۔
عمران خان کی منظوری سے بیرسٹر گوہر خان، سینیٹر شبلی فراز، عمر ایوب، انتظار حسین پنجوتھہ اور سینیٹر علی ظفر نئے فوکل پرسنز تعینات کیے گئے ہیں۔
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران نے میرے ساتھ سینیٹرشبلی فراز، عمر ایوب خان، انتظار حسین پنجوتھہ اور سینیٹر علی ظفر کو نئے فوکل پرسنز کے طور پر تعینات کیا ہے۔
— Barrister Gohar Khan (@BarristerGohar) April 4, 2024
بانی چیئرمین عمران خان کے منظور کردہ فوکل پرسنز کے ناموں کا ایکس پر اعلان کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے وی نیوز کی 2 روز پرانی خبر کی بھی تصدیق کردی ہے، جس کے مطابق تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے شیر افضل مروت کو فوکل پرسن کی ذمہ داریوں سے ہٹاتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا ٹیم بھی ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
عمران خان نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کو اڈیالہ جیل میں ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کور کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی نئی فہرست دیدی ہے جس میں عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، علی ظفر اور بیرسٹر گوہر کو شامل کیا گیا ہے۔