حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک کے درمیان باہمی اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہاسن نے لاہور میں ملاقات کر کے انہیں صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر پر گفتگو کی کی گئی اور باہمی اشتراک کار جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، صوبے میں جاری عوامی فلاح وبہبود کے پراجیکٹس کی جلد تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو نالج پارک پراجیکٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ، پنجاب میں غذائی کمی کے شکار بچوں کی نیوٹریشن کے پراجیکٹ سے آگاہ کیا۔
پنجاب میں اسموگ کے خاتمے اور ایئرکوالٹی انڈکس میں بہتری کے اقدامات کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا، بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے پنجاب سٹیز پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ سرکاری پرائمری سکولوں میں ڈبہ بند مِلک کی فراہمی کا پراجیکٹ جلد شروع کیا جارہا ہے، اس پراجیکٹ میں ورلڈ بینک اور دیگر اداروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہاسن کو یقین دلایا کہ وہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری پراجیکٹ کی خود مانیٹرنگ کریں گی۔