وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کیا ہدایات دیں؟

منگل 2 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارکان پنجاب اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ وہ سب کی وزیراعلیٰ ہیں، ارکان اسمبلی کی سفارشات پر موقع پر احکامات جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور انہیں عوامی مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا، ارکان صوبائی اسمبلی نے ڈویلپمنٹ کے لیے اپنی تجاویز اور سفارشات وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کیں، وزیراعلیٰ نے ارکان پنجاب اسمبلی کی تجاویز اورسفارشات نوٹ کیں اور قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے صاف ستھرا پنجاب اور دیگر پروجیکٹس کو بھی سراہا۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ سب کی وزیراعلیٰ ہیں اور سب کے ساتھ مل کر چلیں گی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب بھر میں 600 سڑکوں کی تعمیر ومرمت، 5 ایکسپریس ویز اور3 موٹر ویز بنائیں گے، صوبہ بھر میں 100 فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی، دیہات اوردوردراز علاقوں میں علاج معالجے کے لیے موبائل اسپتال اورکلینک آن ویل پروجیکٹ جلد شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر کے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو6 ماہ کے اندر بحال کیا جائے گا، پنجاب بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں، پنجاب کے تمام اضلاع میں آئندہ 3 ماہ میں 18 شہروں میں سیف سٹی پروجیکٹس جلد شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 36 اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں، طلبہ کو 20 ہزار موٹر بائیکس دی جا رہی ہیں، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی، پنجاب میں ایک لاکھ کم آمدن والے افراد کو گھر دیں گے۔

ارکان پنجاب اسمبلی نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پنجاب کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کے ہمقدم ہیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات قابل تحسین ہیں، مریم نواز کا وزیراعلیٰ بننا ہر خاتون کا اعزاز ہے، ہم ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں میں ٹکٹ ہولڈر سعود مجید،ایم پی اے خالد ججہ شامل تھے۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین، راجہ محمد اسلم خان، خالد جاوید اصغر گھرال، مدد علی شاہ، چوہدری اعجاز احمد، حسن عسکری شیخ، تاشفین صفدر، سلمی سعید،سیدہ ثمرین تاج نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔

سید علی حیدر گیلانی، ندیم افضل چن، ملک واصف مظہر، محمد اقبال، غضنفر علی خان، عامر علی شاہ، قاضی احمد سید، سردار حبیب الرحمن خان، ریئس نبیل احمد، میاں علمدار عباس قریشی، شازیہ عابد، نیلم جبار چوہدری، نرگس فائزہ ملک، رابعہ نذیر، محمد رنگ زیب، پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی ذیشان ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp