معیشت کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہتے، عطا تارڑ

جمعرات 4 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہتے، پی آئی کی نجکاری کا سلسلہ آگے بڑھ رہا ہے اور ملک میں مہنگائی کم اور معیشت بہتر ہورہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ 16 ماہ میں ہم نے ملکی معیشت درست کی تھی، ہمیں ایل سیز کھولنے میں مشکلات تھیں، ہم نے طویل جدوجہد کی اور اب معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اسٹاک ایکسچینج میں بہتری ہوئی اور آج بھی ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، یہ تمام چیزیں ملک میں کاروبار کی آسانی، براہ راست بیرونی اور مقامی سرمایہ کاری کے لیے اچھی ہیں۔

بلوم برگ نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں مہنگائی اگلے سال 15 فیصد پر آجائے گی، پرسوں رپورٹ آئی کہ مہنگائی میں 2 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے، یہ مثبت رجحانات ہیں جن کی جانب ملک گامزن ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان پہلے ہے، سیاست اور سیاسی جماعتیں بعد میں ہیں، میڈیا کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے قوم کو معیشت خصوصاً پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق آگاہ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا 80 ارب روپے کا خسارہ ہے جسے غریب آدمی برداشت کرتا ہے، یہ رقم قوم اور قومی خزانے پر بوجھ ہے، نجکاری کے ذریعے ریونیو آئے گا اور خسارے کا بوجھ قومی خزانے پر نہیں ہوگا۔

’امید کا نام شہباز شریف ہے‘

عطا تارڑ نے کہا کہ قومی مسائل پر سیاست کی جانی چاہیے، معیشت کے استحکام کے لیے سیاسی استحکام کی طرف جانا چاہیے اور اس میں سب نے اپنا کردار ادا کیا ہے، آج معیشت کے حوالے سے بات ہوئی، آئی ایم ایف سے اس ماہ قرض کی قسط مل جائے گی، حکومت ان تمام مثبت اشاریوں اور رجحانات کو لے کر آگے چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے داسو میں چینی انجینئرز سے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی کے معاملات پر روشنی ڈالی اور ان سے اظہار ہمدردی کیا، چینی شہریوں کی سیکیورٹی پر وزیراعظم 4 سے 5 میٹنگز کر چکے ہیں، ان واقعات کی تحقیقات میں کافی پیشرفت ہوچکی، عوام کے سامنے اس حوالے سے حقائق بھی لائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری قوم معیشت کی بہتری کے لیے متحد ہے، ہمیں امید رکھنی چاہیے اور امید ایک ایسے شخص کا نام ہے جس کا نام شہباز شریف ہے،جنہوں نے پنجاب میں بہت اچھا کام کیا۔

’گرینڈ الائنس میں باقی جماعتیں کونسی ہیں، اسکا نہیں بتایا گیا‘

انہوں نے بتایا کہ آج کابینہ کو معیشت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، دیگر معاملات بھی زیر غور آئے، چینلجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بنانی ہے، سیاسی جماعتیں اس پر پارلیمنٹ کے فورم پر اکٹھی ہوں گی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج ایک گرینڈ الائنس کا اعلان بھی کیا گیا، اس الائنس میں باقی جماعتیں کونسی ہیں اس کا نہیں بتایا گیا، ایک جماعت نے اس کا اعلان کیا مگر باقی جماعتوں کا نہیں بتایا۔

‘بشریٰ بی بی سے متعلق افواہیں دم توڑ گئیں‘

ڈاکٹر عاصم نے بشریٰ بی بی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے، اس حوالے سے جو افواہیں چل رہی تھیں وہ دم توڑ چکی ہیں، ڈاکٹر عاصم نے اس حوالے سے ایک انٹرویو بھی دیا ہے، یہ ایک اچھی بات ہے کہ معالج کی جانب سے بیان آگیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو اہمیت دیتی ہے، وزیراعظم نے نوجوانوں اور طلبہ کے لیے کئی اقدامات کیے اور اب انہیں بااختیار بنانے کے لیے حکومت مصروف عمل ہے، اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی اور دیگر اہم معاملات بھی ہیں جو حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp