یوں تو فلمی اداکاروں کے گزر بسر کا زیادہ تر دارومدار اس معاوضہ پر ہی ہوتا ہے جو وہ کسی فلم میں کام کرکے حاصل کرتے ہیں اور ادکار جتنا مقبول ہوتا ہے اس کی فیس بھی اتنی ہی زیادہ ہوتی ہے لیکن بھارتی فلم انڈسٹری کے کچھ ایسے چمکتے ستارے بھی ہیں جنہوں نے کسی نہ کسی موقع پر فلموں میں مفت بھی کام کیا ہے۔
ایسے ہی چند اداکاروں کے بارے میں ہم آپ کو بتاتے ہیں جن میں سے زیادہ تر نے اپنے عروج پر ہوتے ہوئے بھی فلم میں کام کرنے پر فلمساز سے کوئی معاوضہ نہیں لیا۔
رنبیر کپور
بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپورنے اپنی سپر ہٹ فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ میں کام کرنے کا ایک روپیہ بھی نہیں لیا۔ اس ایثار کی وجہ یہ تھی کہ فلم کا بجٹ 2 ارب روپے سے بڑھ چکا تھا اور اس کے ڈائریکٹر لو رنجن کو مالی مسائل کا سامنا تھا۔ لو رنجن نے معاملہ رنبیر کپور سے بیان کیا تو ان کا دل پسیج گیا اور انہوں نے انہیں تسلی دی ’میں آپ سے کوئی معاوضہ نہیں لوں گا، آپ اپنی توجہ فلم بنانے پر مرکوز رکھیں‘۔
سونم کپور
سونم کپور میکھا سنگھ کی زندگی پر مبنی فلم میں کام کرنے کی اتنی خواہشمند تھیں کہ انہوں نے اس میں اپنے کردار کے عوض محض 11 روپے وصول کیے۔
دیپیکا پاڈوکون
دیپیکا پاڈوکون اس وقت فلموں میں کام کرنے کا سب سے زیادہ معاوضہ لیتی ہیں لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہوگی کہ انہوں نے اپنی پہلی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں کوئی پیسہ نہیں لیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ بطور ہیروئن آنے کی اتنی خواہشمند تھیں کہ انہوں نے اس فلم میں مفت کام کرنا ہی گوارا کرلیا۔
شاہد کپور
شاہد کپور نے فلم حیدر میں کمال کی اداکاری کی ہے جو فلم کے ہدایت کار وشال بھردواج کے لیے ایک خوش کن بات تھی لیکن اس سے بھی بڑھ کر انہیں اطمینان اس وقت ہوا ہوگا جب شاہد کپور نے ان سے معاوضہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ فلم حیدر بنانے کے دوران بھی شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا۔
رانی مکھرجی
رانی مکھرجی اس وقت یش راج فلمز کی ملکہ ہیں لیکن جب انہوں نے کرن جوہر کی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں کام کرکے فلمی دنیا میں اپنا پہلا قدم رکھا تھا تو اس وقت انہوں نے صرف کرن جوہر کی خاطر کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا تھا۔
سلمان خان
سلمان خان نے بھی کم از کم ایک مرتبہ فلم میں مفت کام ضرور کیا ہے۔ وہ شاہ رخ خان کی سپر ہٹ فلم پٹھان تھی جس میں جلوہ افروز ہونے کے لیے سلمان خان نے کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا۔
شاہ رخ خان
شاہ رخ خان اکثر فلموں میں بطور مہمان اداکار کام کرنے کے معاملہ میں خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فلمساز آر مدھاون کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’راکیٹری‘ میں ایک مختصر کردار ادا کیا تاہم اس کے انہوں نے کوئی پیسے نہیں لیے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ آر مدھاون کا احسان چکانا چاہتے تھے جنہوں نے ان کی فلم زیرو میں ناسا کے ایک سائنس دان کا چھوٹا سا کردار نبھایا تھا۔