پاکستان دفتر خارجہ نے پاکستان کے اندر بھارت کی خفیہ کارروائیوں کے بارے میں میڈیا کے انکشاف کے جواب میں ایک حالیہ ٹیلی ویژن انٹرویو کے دوران بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق 25 جنوری 2024 کو پاکستان نے ناقابل تردید ثبوت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سرزمین پر ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل کی بھارت کی مہم کو واضح کیا تھا۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندر مزید شہریوں کو ماورائے عدالت سزائے موت دینے کی تیاری کا دعویٰ، اپنے جرم کا واضح اعتراف ہے۔ بین الاقوامی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ بھارت کو اس کے گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات کے لیے جوابدہ بنائے۔
مزید پڑھیں
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لیے اپنے ارادے اور صلاحیت پر قائم ہے، جیسا کہ فروری 2019 میں بھارت کی لاپرواہی سے دراندازی کے اس کے مضبوط جواب سے ظاہر ہوتا ہے، جس نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعوؤں کو بے نقاب کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی حکمراں جماعت قوم پرستی کے جذبات کو ہوا دینے کے لیے نفرت انگیز بیانات کا سہارا لیتی ہے اور انتخابی فائدے کے لیے اس طرح کی گفتگو کا بے دریغ فائدہ اٹھاتی ہے۔ اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ رویہ نہ صرف علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ طویل المدتی تعمیری روابط کے امکانات کو بھی متاثر کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تاہم، امن کی ہماری خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ تاریخ، پاکستان کے اپنے دفاع اور تحفظ کے پختہ عزم اور صلاحیت کی گواہ ہے۔