کاکول ٹریننگ کیمپ: کہاں پوری ٹیم اور کہاں اکیلا اعظم خان

ہفتہ 6 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایبٹ آباد کے پر فضا مقام کاکول آرمی ٹریننگ سینٹر میں جاری قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا فٹنس اور ٹریننگ کیمپ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں تمام کھلاڑی ٹریننگ کے حوالے سے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر لگا رہے ہیں اور شائقین کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں وہیں اعظم خان اس وقت تمام کھلاڑیوں پر بھاری ہیں اور ہر ایک کی توجہ کی مرکز نگاہ ہیں۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر کرکٹر افتخار احمد کی جانب سے ایک ویڈیو شیئرکی گئی جس میں کھلاڑی مشقت بھری ایکسرسائز کرتے دکھائی دیے، لیکن اس دوران بھی اعظم خان سب کی توجہ کا مرکز بن گئے، اور جیسے ہی وہ پہاڑی پر پہنچے تو تمام کھلاڑیوں نے اعظم خان اعظم خان کے نعرے لگانا شروع کردیے۔

کاکول میں جاری فزیکل ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کو انوکھی مشق کا سامنا کرنا پڑا، وزنی پتھر اٹھا کر پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے کا چیلنج دیا گیا۔ جیسے تیسے کرکے کرکٹرز چوٹی پر پہنچتے گئے، اس دوران سب کو انتظار تھا آخری ساتھی کے آنے کا اور وہ تھے اعظم خان۔

جیسے ہی اعظم خان کو دور سے آتے دیکھا تو افتخار احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی، کھلاڑیوں نے نعرے لگانے شروع کردیے اور اعظم خان اعظم خان پکارنا شروع کردیا۔

قومی ٹیم کے کاکول میں جاری فٹنس کیمپ کے دوران سب سے زیادہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اعظم خان ہی کی ہیں، کیونکہ شائقین کرکٹ اعظم خان کو فٹنس سینٹر میں ٹریننگ کرتا دیکھ کر کافی خوش بھی دکھائی دے رہے ہیں اور بہت سے شائقین طنز و مزاح بھی کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹس میں شائقین نے اعظم خان کو خوب سراہا بھی ہے اور کئی نے تو یہ بھی کہہ دیا کہ اعظم خان کو ایک سال تک کاکول میں ہی چھوڑا جائے، کسی نے لکھا کہ اعظم خان پر ڈبل فوکس ہونا چاہیے۔ ایک صارف نے تو طنز کرتے ہوئے لکھا کہ کہیں یہ نہ ہو اعظم خان اس ٹریننگ کے بعد کرکٹ کھیلنا ہی چھوڑ دیں۔

اعظم خان خود بھی سوشل میڈیا پر اس طرح کی پوسٹ لگا دیتے ہیں جو طنز و مزاح سے بھرپور ہوتی ہے۔ اعظم خان نے اپنی اور قومی ٹیم کے دیگر وکٹ کیپرز کی ایک تصویر اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر پوسٹ کی، جس میں قد اور جثے کے لحاظ سے ان کا سائز بیان کیا گیا ہے۔

اس تصویر میں اعظم خان، محمد حسیب، محمد رضوان اور محمد حارث موجود ہوتے ہیں۔ اپنی تصویر پر اعظم خان نے ’ایکسٹرالارج‘ اور محمد رضوان کی تصویر پر ’سمال‘ لکھا ہے جبکہ محمد حارث کو میڈیم سائز اور حسیب اللہ خان کو لارج سائز قرار دیا ہے۔

جیسے ہی یہ تصویر وائرل ہوئی کمنٹس میں صارفین نے خوب چھیڑ چھاڑ اور طنز و مزاح پر مبنی تبصرے کیے، اور اعظم خان کی جانب سے کئے گئے اس دلچسپ موازنے پر خوب ہنستے بھی رہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ اختتام پذیر ہونے پر پلیئرز کو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی جانب سے افطار ڈنر میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp