وزیراعظم شہباز شریف کی عمرہ ادائیگی، زیارتِ خاص کا شرف بھی حاصل

پیر 8 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب  کے دورے پر گئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کی ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے، انہوں نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

‏وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ کا طواف کیا اورعمرے کے دیگر ارکان کی ادائیگی کی، ‏انہوں نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور عالمی امن وآشتی سمیت ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لے بھی دعا کی۔

عمرے اور سعودی قیادت سے ملاقات کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے آج صبح مکہ مکرمہ میں بیت اللّٰہ کے اندرونی حصے میں جانے کی سعادت بھی حاصل کی ہے، اس موقع پر بیت اللّٰه کے دروازے کھول کر وزیراعظم کو  زیارتِ خاص کروائی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعا کی، وزیرِ اعظم کے ہمراہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی عمرے کی سعادت حاصل کی۔

واضح رہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد ان کی جانب سے دیئے افطار ڈنر میں بھی شریک ہوئے تھے، ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ سے جدہ کے لیےروانہ ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp