کراچی 3 ماہ کے لیے فوج کے حوالے کیا جائے تاکہ امن بحال ہو، مصطفیٰ کمال

پیر 8 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیئر رہنما اور کراچی کے سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے کراچی میں امن و امان کی ’خراب صورتحال‘ کے پیش نظر شہر کو 3 ماہ کے لیے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پیر کے روز اپنے بیان میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت اور صوبے کی پولیس نے کراچی کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور شہر کا کوئی چپہ ایسا نہیں جہاں شہریوں کی جان اور ان کا مال محفوظ ہو۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کسی کو کراچی والوں کا واویلا سنائی نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پیر کو کراچی کے علاقے میٹرول میں 2 شہریوں سے 2 کروڑ روپے لوٹ کر انہیں قتل کردیا گیا۔ انہوں نے وزیرداخلہ سندھ سے سوال کیا کہ وہ یہ بتائیں کہ پولیس کے ہاتھ کس نے  باندھے ہوئے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں لہٰذا شہر کو 3 ماہ کے لیے فوج کے حوالے کردیا جائے تاکہ شہر کا امن بحال ہوسکے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کی پارٹی اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ماہ رمضان کے دوران اب تک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 18 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ سنہ 2024 کے 4 ماہ میں اب تک 50 سے زائد شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے جاچکے ہیں۔

کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے وفاق سے سندھ میں امن وامان کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی اور سندھ میں رینجرز کو مکمل اختیارات دیے جائیں۔

شہر رینجرز کے حوالے کیے جانے کا ایم کیو ایم کا مطالبہ

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم نے کراچی میں رینجرز کو مکمل اختیار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ کے بعد ڈاکوؤں کو قتل کا لائسنس مل گیا ہے۔

دونوں لیڈروں نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ اتنے غیر ذمہ درانہ بیان کیوں دے رہے ہیں، نیا آئی جی سندھ آیا تو لگا کچے کے ڈاکوؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، کراچی سے کشمور تک کچے اور پکے کے ڈاکو شادیانے بجا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کے معاملے پر وفاق کو بلیک میل کیا، مبارک ہو آپ کا من پسند آئی جی سندھ آ گیا۔ رینجرز کو صرف کراچی میں اختیارات حاصل ہیں سندھ میں نہیں، کراچی اور سندھ میں رینجرز کو یکساں اختیارات دیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp