آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی مستقبل میں کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے جب کہ قومی کرکٹرز نے کاکول م یں پاک آرمی کی جانب سے بہترین تربیت فراہم کرنے اور کھیلوں کے فروغ میں دلچسپی پر آرمی چیف کاشکریہ ادا کیا ہے۔
مزید پڑھیں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آرمی ہاؤس راولپنڈی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔
یہ افطار ڈنر پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایبٹ آباد کے علاقے کاکول میں آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ (اے ایس پی ٹی) کیمپ میں فزیکل ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد پیر کو آرمی ہاؤس راولپنڈی میں دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور پی سی بی حکام نے بھی افطار میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مستقبل میں ان کی کامیابیوں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جب کہ کرکٹرز نے کاکول میں بہترین تربیت فراہم کرنے اور پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھنے پر پاک فوج کے کردار پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔