آزاد جموں و کشمیر میں قدررتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (ایس ڈی ایم اے) نے موسم کی صورت حال کے بارے میں انتباہ جاری کردیا۔
مزید پڑھیں
ایس ڈی ایم اے کی جانب سے تینوں ڈویژنز کے کمشنرز کو بھیجے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں 09 اپریل سے 14 اپریل تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ مقامی لوگ اور سیاح اس بارے میں محتاط رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریوں کے لیے تیار رہیں۔
آزاد کشمیر کے محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ نے عید کے موقع پر سیاحوں کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا گیا کہ وہ سفر کرنے سے پہلے موسم اور شاہراہوں کی صورت حال کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاح محکمہ موسمیات کے علاوہ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (ایس ڈی ایم اے)، ٹورازم پولیس اور محکمہ سیاحت کی ویب سائٹس یا ٹورسٹ ہیلپ لائن کے ذریعے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
سیاح پیشگی بکنگ کریں
سیاحوں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنی رہاٰئش کی پیشگی بکنگ کریں، پہاڑی علاقوں میں احتیاط سے گاڑی چلائیں اور سفر شروع کرنے سے پہلی تسلی کرلیں کہ گاڑی صیح حالت میں ہے۔
محکمہ سیاحت اور آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ وادی نیلم میں گیسٹ ہاوسز اور ہوٹلز کی تعداد تقریباً 250 ہے جن میں ایک رات میں صرف 18 ہزار افراد کے ٹھہرنے کی گنجائش ہے۔ آزاد کشمیر میں وادی نیلم وہ مقام ہے جہاں عید کی دوران سب سے زیادہ سیاح جاتے ہیں۔ ماضی میں سیاح پیشگی بکنگ کے بغیر اس علاقہ کا سفر کرتے رہے ہیں جس کی وجہ سے متعدد بار انہیں واپسی کا رخ کرنا پڑا یا رات گاڑیوں میں ہی گزارنا پڑی۔
برسوں سے سیاحت کے شعبے سے وابستہ علی رضوان خواجہ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاح پونچھ ، تولی پیر، ضلع باغ ، گنگا چوٹی، مظفرآباد میں پیر چناسی جبکہ وادی نیلم میں کٹن، جا گراں، کیرن اپر نیلم اور شاردہ باآسانی جا سکتے ہیں۔
سیاح کہاں کہاں جاسکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ اگر وادی نیلم میں اڑنگ کیل کا سفر کرنا ہو تو ایسی صورت میں شاردہ سے کیل جانے کے لئے ایسی گاڑی استعمال کی جانی چاہیے جو اونچی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے قریب ترین سیاحتی مقام پیر چناسی ہے جو 4 گھنٹے کے مسافت پر ہے، وہاں اب بھی برف موجود ہے اور سیاح اس سے لطف انداوز ہوسکتے ہیں۔
علی رضوان خواجہ نے کہا کہ وادی نیلم میں واقع رتی گلی جھیل، پتلیاں جھیل، شونٹر اور تاؤبٹ جانے والے راستے برف کی وجہ سے بند ہیں اور وہاں ابھی نہیں جایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی نیلم میں ہوٹلنگ کے شعبے میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے اور ہوٹلوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 بڑے گیسٹ ہاؤسز میں سینٹرل ہیٹنگ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔
علی رضوان نے کہا کہ وادی نیلم میں کٹن کے علاقے میں ہوٹل ایسوسی ایشن نے عید کے دوران کمروں کے کرایوں میں 30 فیصد کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔